رام بن میں محکمہ بجلی کے کیجول لیبر ز کا احتجاج فوری طور اْجرتیں واگذار نہ کئے جانے پر کام چھوڑ ہڑتال کا انتباہ

اْڑان نیوز
بانہال // ضلع رام بن میں محکمہ بجلی میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی گذشتہ دو سے تین سال کی اْجرتیں واگذار نہ کئے جانے کے خلاف ان ملازمین نے رام بن میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔کیجول لیبر کی بنیادوں پر تعینات ان ملازمین کا کہنا تھا کہ دن رات کام کر نے کے باوجود ان کی اْجرتیں وقت پر واگذار نہیں کی جاتی ہے جس کی وجہ سے یہ اور ان کے اہل خانہ فاقہ کشی پر پہنچ گئے ہیں ۔کیجول لیبر عارضی ملازمین کا کہنا تھا کہ سرکار کی طرف سے حالیہ دنوں بند پڑی اْجرتوں کو واگذار کر نے کے اعلان کے باوجود محکمہ کے آفیسران کے ساتھ سوتیلا سلوک جاری رکھے ہوئے ہیں اور نا معلوم وجوہات کی بناء پر ان برسوں کی اْجرتیں بند پڑی ہوئی ہیں ۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ابھی تک سرکار کی طرف سے ان کے لئے کوئی جاب پالیسی بھی فریم نہیں کر پائی ہے جو کہ قابل افسوس ہے ۔ان عارضی ملازمین کا مزید کہنا تھا کہ کہ ضلع میں تعینات 164کے قریب ان کے ملازمین دن رات اپنے فرائض کو محض 4500روپیے کی ماہانہ اْجرت پر انجام دیتے ہیں اور وہ بھی وقت پر انہیں نہیں واگذار کی جاتی ہے ۔اْنہوں نے کہا کہ محکمہ اور سرکار نے اْنہیں فاقہ کشی پر اْتار دیا ہے جبکہ وہ بچوں ا سکولی و دیگر اخراجات پورے کرنے میں قاصر ہیں ۔اْنہوں نے سرکار کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ ماضی میں بھی کئی عارضی ملازمین بجلی کی کرنٹ و دوران ڈیوٹی دیگر کئی وجوہات کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئے ہیں لیکن کو واضح پالیسی ان کے لئے مرتب نہ کئے جانے کی وجہ سے ان ملازمین کے بچے بھی آج پریشان ہیں ۔اْنہوں نے کہا کہ اْن کے کام میں ہر وقت خطرہ لاحق ریتا ہے اور اپنی جانوں کو ہتھیلی پہ رکھ کر مجبوری کی صورت میں وہ اپنے فرائض کو انجام دیتے آ رہے ہیں ۔اْنہوں نے کہا کہ کئی ملازمین دس سال سے زائید عرصے سے محکمہ میں اپنی خدمات انجام دیتے آ رہے ہیں لیکن ان کی مستقلی کے بارے میں ابھی تک کوئی بھی اقدام نہ اْٹھایا گیا ہے۔اْنہوں کا کہنا تھا کہ محکمہ کی طرف سے دور دور کے بنا بجلی کے علاقوں میں بجلی پہنچائی جا رہی ہے جس میں سب سے زیادہ ان ہی عارضی ملازمین سے کام لیا جاتا ہے لیکن ان کی اْجرتوں کے ساتھ ساتھ ان کے مستقبل کے بارے میں سرکار اور محکمہ کی طرف سے کوئی بھی ٹھوس اقدامات نہیں اْٹھائے جا رہے ہیں ۔اْنہوں نے مزید کہا کہ اگر اْن کی اْجرتیں فوری طور پر واگذار نہ کی گئی تو وہ کام چھوڑ ہڑتال پر چلے جائیں گے-اس موقع پر محکمہ کے ان کیجول لیبرز نے ایک ایسوسیشن کا قیام بھی عمل میں لایا جو اپنے حقوق کی جہدو جہد کے لئے کام کریں گے ۔اس میں بلال احمد کو بااتفاق رائے ضلع صدر نامزد کیا گیا جبکہ سجاد احمد کو ایسوسیشن کا ضلع جنرل سیکریٹری نامزد کیا گیا ۔