لمبیڑی نوشہرہ میں کار حادثہ میں 2پولیس ہیڈ کانسٹبل ہلاک سرنکوٹ قصبہ میں موٹر سائیکل ٹکرانے سے 3زخمی،جموں اور سرینگر منتقل

 

جمشید ملک +رشید زر گر
راجوری+سرنکوٹ//جموں پونچھ شاہراہ پر حادثوں کا نہ تھمنے والا سلسلہ جاری ہے اور منگل وار کو نوشہرہ کے لمبیڑی گائوں میں ایک تیز رفتار ویگن آر کار ڈرائیوار کے قابو سے باہر ہو کر حادثے کا شکار ہو گئی جس کے نتیجہ میں2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ۔ اس دوران سرنکوٹ قصبہ میں ادو موٹر سائیکلوں مین ٹکر ہو جانے سے 3افراد زخمی ہو گئے جن میں سے دو کو جموں اور سرینگر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق جموں سے راجوری کی طرف آرہی ایک کار زیر نمبر JK02BJ/4528لمبیڑی کے مقام پر اچانک ڈرائیوار کے قابو سے باہر ہو کر کھائی میں جاگری جس کے نتیجہ میں2 پولیس اہلکار ہلاک ہوگے۔ان کی شناخت سلیکشن گر یڈ کانسٹبل محمد تاج ولد منشی خان ساکنہ بالاکوٹ مینڈھراور سلیکشن گریڈ کانسٹبل گوپال کرشن سکنہ کیری راجوری کے طور پر ہوئی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ تاج محمد کی موقع پر ہی موت واقع ہو گئی جبکہ گوپال کرشن کو شدید زخمی ہو گیا ۔ اسے پہلے سندر بنی ہسپتال پہنچایا گیا جہاں ابتدائی علاج کے بعد اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں منتقل کیا جا رہا تھا کہ اس نے راستے میں دم توڑ دیا ۔ذرائع کے مطابق دونوں اہلکار جموں میں تعینات تھے ۔اس دوران سرنکوٹ قصبہ میں ا2موٹر سائیکلوں میں ٹکر ہونے کے باعث 3افراد زخمی ہو گئے ۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب سرنکوٹ بازار میں گزشتہ شام دو موٹر سائیکلوں میں زور دار ٹکر ہوئی جس میں 3 نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ پولیس ذرائع سے معلوم ہوا کہ ایک موٹر سائیکل بس اڈا سے ہاڑی محلہ کی طرف جا رہا تھا جس پر دونو جوان سوار تھے جبکہ ایک دوسرا موٹر سائیکل ہاڑی محلہ سے بس اڈا کی طرف آ رہا تھا ۔ یونیک ہوٹل کے نزدیک ایک مسافر گاڑی کو کراس کر تے وقت دونوں موٹر سائیکلوں کی زور دار ٹکر ہوئی جس میں ایک دوکاندار بھی معمولی زخمی ہو گیا۔ زخمیوں کی شناخت وحید اقبال ولد عبد المجید عمر24 سال، ساکنہ سمہوٹ، لیاقت حسین ولد ممتاز احمد ، عمر بائیس، سال ساکنہ گونتھل اور طاہر حسین شاہ ولد مشکور حسین شاہ عمر32 سال ساکنہ سنئی شدید زخمی ہو گئے ۔مقامی لوگوں نے فوری طور زخمیوں کو سب ضلع ہسپتال پہنچایا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد تینوںزخمیوں کو ریفر کر دیا گیا۔ وحید اقبال کو جموں میڈیکل کالج جبکہ طاہر حسین کو سرینگر اور لیاقت حسین کو پونچھ ضلع ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے اس ضمن میں ایف آئی آر زیر نمبر115/017 زیر دفعہ279/337/RPC مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔ یاد رہے کہ سرنکوٹ بازار میں جب سے کنکریٹ سڑک تعمیر ہوئی ہے سڑک کی چوڑائی کم کر دی گئی ہے جس کی وجہ سے بپیدل چلنے والے مسافروں کو ہمہ وقت جانی نقصان کا اندیشہرہتا ہے۔ اس کے علاوہ بے لگام ٹریفک اور تیز رفتاری کی وجہ سے بھی سنگین مسائل پیدا ہو رہے ہیں جن سے عوام پریشان ہیں۔