370پرموقف تبدیلی نہیں آئی ایجنڈا آف الائنس کے تحت چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کا فیصلہ : نرمل

اُڑان نیوز
سرینگر//دفعہ 370کے حوالے سے بی جے پی کے موقف میں تبدیل آنے کو خارج از امکان قرار دیتے ہوئے ریاست کے نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ ریاست کے لوگوں کے مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے پی ڈی پی کے ساتھ حکومت تشکیل دی ۔ انہوںنے کہاکہ چونکہ بی جے پی نے حکومت تشکیل دینے سے پہلے پی ڈی پی کے ساتھ ایجنڈا آف الائنس ترتیب دیاجس کے تحت دفعہ 370کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کا دونوں پارٹیوں نے فیصلہ کیا ہے۔ جموںمیں نامہ نگاروں کے سوالوں کا جواب دیتے ہوئے نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے کہاکہ دفعہ 370کے حوالے سے بی جے پی کا موقف واضح او رصاف ہے کہ اس قانون کو آئین ہند سے حذف کیا جانا چاہئے ۔ نائب وزیرا علیٰ کے مطابق چونکہ بی جے پی نے ریاست میں 44سیٹیں حاصل کرنے کا ہدف مقرر کیا تھا تاہم بی جے پی کو صرف 25نشستیں ہی حاصل ہوئیں جس کے بعد پارٹی نے پی ڈی پی کے ساتھ حکومت تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ۔ انہوںنے کہاکہ پی ڈی پی اور بی جے پی نے حکومت تشکیل دینے سے پہلے ایجنڈا آف آلائنس ترتیب دیا ہے جس کے تحت دفعہ 370کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی جاسکتی ۔ انہوںنے کہاکہ تاہم پارٹی اپنے موقف پر قائم ہے کہ اس قانون کو کالعدم قرار دیا جانا چاہئے ۔ انہوںنے کہاکہ اگر بی جے پی اسمبلی الیکشن میں 44سیٹیں حاصل کرنے میں کامیاب ہوجاتی تو آج حالات دوسرے ہوتے ۔ مہاراجہ ہری سنگھ کے جنم دن کے موقعے پر ریاست میں عام تعطیل کرنے کے بارے میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں نائب وزیرا علیٰ نے کہاکہ اس سلسلے میں وزیرا علیٰ کو تحریری طورپر آگاہ کیا گیا ہے ۔