’’پاکستان دہشت گردوں کی پناہ گاہ‘‘ سیکورٹی ایجنسیاں صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار:جتندر

اڑان نیوز
نئی دہلی//پاکستان پر ریاست میں حالات کو درہم برہم کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت نے کہاکہ پاکستان کو اس کی قیمت چکانا پڑے گی ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے عسکریت پسندوں کے خلاف کڑا رخ اپنایا ہے جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت کے مطابق بین الاقوامی سرحد اور حدمتارکہ پر تعینات بی ایس ایف اور فوج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔نئی دہلی میں نامہ نگاروں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہاکہ متحرک اہلکاروں نے ارنیہ سیکٹر میں عسکریت پسندوں کے منصوبوں کو ناکام بناکر زیر زمین سرنگ کا پتہ لگایا ہے۔ انہوںنے کہاکہ سرنگ کے ذریعے عسکریت پسندوںکو اس طرف دھکیلنے کی منصوبہ بندی ہو رہی تھی تاہم عین موقع پر بارڈر سکورٹی فورسز نے سرنگ کا پتہ لگا کران کے منصوبوں کو ناکام بنایا ۔ مرکزی وزیر مملکت نے مزید بتایا کہ پاکستان دہشت گردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ ہے حالانکہ بھارت نے بار بار بین الاقوامی ممالک کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ پاکستانی زیر انتظام کشمیر میں عسکریت پسندوں کو تربیت دے کر اس طرف دھکیلا جارہاہے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت کے خلاف سازشیں رچانے والوں کو کسی بھی صورت میں بخشا نہیں جائے گا اور ہم یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ پاکستان کو اس کی قیمت چکاناپڑے گی۔ وزیر اعظم ہند کے دفتر میں تعینات وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے کہا کہ ریاست جموںوکشمیر میں حالات کو درہم برہم کرنے کیلئے عسکریت پسندوں کو اس طرف بھیجا جا رہا ہے تاکہ پُر امن حالات کو درہم برہم کیا جاسکے تاہم سیکورٹی ایجنسیاں کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ مرکزی حکومت نے دہشت گردی کے خلاف سخت موقف اختیار کیا ہے اور پچھلے کئی مہینوں سے سیکورٹی فورسز نے جھڑپوں کے دوران کئی جنگجو کمانڈروں کو مار گرایا جس کے زمینی سطح پر مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ مرکزی وزیر مملکت کے مطابق سرحدوں پر تعینات فوج دراندازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے چوبیس گھنٹے متحرک ہیں۔