وزیر اعلیٰ کا شاہدرہ شریف کا دورہ بابا غلام شاہ بادشاہ ؒ کے سالانہ عرس میں شرکت ویب سائٹ اور کمیونٹی کچن کا افتتاح کیا،راجوری ضلع میں ترقیاتی سرگرمیوں کا لیا جائیزہ

راجوری//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی جو راجوری کے ایک روزہ دورے پر تھیں، نے شاہدرہ شریف میں بابا غلام شاہ بادشاہ ؒ کی زیارت پر حاضری دی۔وزیر اعلیٰ نے وہاں سالانہ عرس مبارک میں بھی شرکت کی جو ہر سال9 اور10 محرم کو منایاجاتا ہے۔محبوبہ مفتی نے اس موقعہ پر زیارت گاہ کی ویب سائٹ کا بھی افتتاح کیا۔ اس ویب سائٹ پر اٹھارویں صدی کے اس صوفی بُزرگ کے بارے میں تفصیلی سے جانکاری دستیاب ہونے کے ساتھ ساتھ وہاں آنے والے زائرین کے لئے بہم سہولیات کے بارے میں بھی تمام تفاصیل درج ہیں۔وزیر اعلیٰ جو جموں وکشمیر وقف کونسل کی صدر نشین بھی ہیں، نے وہاں زیارت کے منتظمین کی طرف سے تعمیر کئے گئے کمیونٹی کچن کا بھی افتتاح کیا۔ انہوں نے وہاں موجود زائرین کے ساتھ بات چیت کی اور دستیاب سہولیات میں بہتری لانے کے حوالے سے اُن کی رائے طلب کی۔خوراک ، سول سپلائیز اور اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی، حج و اوقاف کے وزیر مملکت سید فاروق اندابی، ایم ایل اے راجوری چوہدری قمر حُسین، وائس چانسلر بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی پروفیسر جاوید مسرت، ڈویثرنل کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی ایس جموال اور ضلع انتظامیہ کے کئی اعلیٰ افسران بھی اس موقعہ پر موجود تھے۔بعد میں وزیر اعلیٰ نے ایک میٹنگ کے دوران ضلع میں عملائی جارہی ترقیاتی سرگرمیوں کا جائیزہ لیا۔ انہوں نے ڈویثرنل کمشنر سے راجوری میں تعمیر ہورہے میڈیکل کالج اور ضلع میں دیگر ترقیاتی کاموں کے بارے میں جانکاری حاصل کی۔اس سے قبل راجوری پہنچنے پرخوراک ، سول سپلائیز اور اطلاعات کے وزیر چوہدری ذوالفقار علی، ایم ایل اے راجوری چوہدری قمر حُسین،ڈویثرنل کمشنر جموں ڈاکٹر ایم کے بھنڈاری، آئی جی پی جموں زون ایس ڈی ایس جموال، ڈی آئی جی پونچھ راجوری رینج دیپک سلاتھیہ، ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر شاہد اقبال چوہدری اور ضلع انتظامیہ کے کئی دیگر افسران نے وزیر اعلیٰ کا والہانہ استقبال کیا۔