ارنیہ سیکٹر میں سرحد پر سرنگ بر آمد بی ایس ایف کا در اندازیکی کوشش ناکام بنانے کا دعویٰ

اڑان نیوز
جموں //بارڈر سیکورٹی فورس ( بی ایس ایف ) نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے چوکس اہلکاروں نے ہفتہ کے روز ارنیہ سیکٹر میں بھارت ، پاکستان سرحد پر ایک زیر زمین سرنگ کا پتہ لگا کر در اندازی کی ایک بڑی کوشش ناکام بنا دی ہے ۔ سرکاری طور پر اگرچہ صرف اتنا کہا گیا ہے کہ ’’ پاکستان کی طرف سے جنگجوئوں کے ایک گروپ کی در اندزی کرا کر تہواروں کے موسم میں جموں میں تباہی پھیلانے کی کوشش ناکام بنادی گئی ہے ‘‘ لیکن کچھ زیادہ تفصیل نہیں دی گئی ہے ۔ البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ بی ایس ایف اہلکاروں نے سرحد پر باڑ بندی کے قریب14فٹ طویل زیر زمین سرنگ کا پتہ چلایا ہے جو حفاظتی باڑ کے عین نیچے سے پاکستانی علاقہ سے بھارتی علاقہ تک چلی آئی تھی ۔ بی ایس ایف ذرائع کے مطابق ہفتہ کی صبح گشت پر مامور اہلکاروں نے پاکستانی علاقہ میں دھمالا نال کے پاس 10تا 12پاکستانی مسلح شہریوں کو دیکھا ۔ جب اہلکار ٹنل کی طرف جا رہے تھے تو پاکستانی رینجرز نے بے تحاشہ مارٹر شیلنگ شروع کر دی تاہم اہلکار بر ابر چلتے رہے ۔ اس دوران بی ایس ایف اہلکاروں نے ایک نا مکمل سرنگ دریافت کی جو 14فٹ گہری ، 3فٹ اونچی اور اڑھائی فٹ چوڑی تھی ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ اہلکاروں کو ایک سٹور بھی ملا جو بظاہر جنگجو استعمال کر رہے تھے ۔ اس میں سے ایک گرینیڈ ، اے کے 47کا ایمونیشن ، 4سلیپر بیگ ، کھودنے کے اوزار اور کھانے کے لئے تیار خوراک ملی ہے ۔ بی ایف ذرائع نے بتایا کہ ایسا معلوم ہو تا ہے کہ ٹنل 2تا 3روز قبل ہی کھدنا شروع کی گئی تھی۔ یہ سرنگ گزشتہ روز ہی سچیت گڑھ سیکٹر میں بارڈر سیکورٹی فورس اور پاکستانی رینجرز کے مابین سیکٹر کمانڈر سطح پر فلیگ میٹنگ کے ایک روز بعد ہی بر آمد ہو ئی ہے۔ گزشتہ روز منعقد ہو نے والی فلیگ میٹنگ کے دوران فائر بندی معاہدہ کی خلاف ورزیوں ، گولیاں چلانے اور سرحد سے متعلق دیگر معاملات پر تبادلہ خیال ہوا تھا ۔ طرفین نے بین الاقوامی سرحد پر کشیدگی کم کرنے اور امن برقرار رکھنے کا اعادہ کیا تھا ۔اس سے قبل بھی جموں میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی بین الاقوامی سرحد پر اس طرح کے ٹنل بر آمد ہونے کے واقعات سامنے آتے رہے ہیں ۔ گزشتہ 15فروری کو ضلع سامبہ کے رام گڑھ سیکٹر میں بی ایس ایف نے ایسے ہی ایک ٹنل کا پتہ لگایا تھا جبکہ 2012سے اب تک قریب 5ٹنل بر آمد کئے جا چکے ہیں ۔ رام گڑھ سیکٹر میں 13فروری 2012کو20میٹر طویل سرنگ بر آمد ہوئی تھی ۔