کشمیر میں بھاجپا کی پہلی ریاستی ایگزیکٹیو میٹنگ منعقد ہوگی
قومی سطح کے کئی سرکردہ رہنما ﺅں کی شرکت متوقع
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//بھارتیہ جنتا پارٹی پہلی مرتبہ وادی کشمیر میں ریاستی ایگزیکٹیو کمیٹی کی میٹنگ منعقد کرنے جارہی ہے۔ یہ 2روزہ میٹنگ رواں ماہ کی 28اور29کو منعقد ہوگی جس میں پارٹی کے قومی سطح کے کئی سرکردہ لیڈران کی شرکت متوقع ہے۔ میٹنگ کو کامیاب بنانے کے لئے پارٹی کی طرف سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہیں ہیں۔ جمعرات کو پارٹی سنیئرلیڈران کی ورکروں کے ساتھ کئی سلسلہ وار میٹنگیں بھی منعقد ہوئیں۔ بھاجپا کے ریاستی جنرل سیکریٹری اور کشمیر میں بھاجپا انچارج ڈاکٹر نریندر سنگھ نے بتایاکہ دو روزہ میٹنگ کے کامیاب انعقاد کے لئے 13کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جن کو مختلف ذمہ داریاں سونپی گئی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایاکہ ملکی سطح کے بی جے پی سنیئرلیڈران کے علاوہ جموں وکشمیر سے زائد از300ریاستی ایگزیکٹیو ممبران اس میں شرکت کریں گے۔ 28اکتوبر کو ریاستی عہدادران کی میٹنگ ہوگی اور 29اکتوبر کو ریاستی ایگزیکٹیو میٹنگ منعقد ہوگی۔