سرینگر//شمالی کشمیر میں لائن آف کنٹرول کا اوڑی سیکٹر اُس وقت دھماکوں کی گھن گرج سے لرز اٹھا جب ہند پاک افواج کے درمیان شدید نوعیت کی گولی باری میں فوج کے ساتھ کام کررہا ایک22سالہ مقامی پورٹر جاں بحق اور 2خواتین زخمی ہوئیں جبکہ بارودی مواد کے پھٹنے کی وجہ سے جنگلات میں بھیانک آگ بھی ظاہر ہوئی۔آر پار فائرنگ اور زوردار شیلنگ سے متعددسرحدی بستیوں میں خوف و دہشت کی تازہ لہر دوڑ گئی ہے جبکہ ان علاقوں میں قائم تمام اسکول بند کردئے گئے ہیں۔جموں صوبے میں کنٹرول لائن اور ہند پاک بین الاقوامی سرحدوں کے مختلف سیکٹروں میں گزشتہ کئی دنوں سے دونوں طرف کی افواج کے درمیان گولی باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے جبکہ کئی جگہوںسے شدید نوعیت کی گولہ باری کی اطلاعات ہیں، تاہم یہ سلسلہ فی الوقت تھم چکا ہے۔ البتہ سرحدی گولی باری کے تازہ واقعات شمالی کشمیر کے اوڑی سیکٹر میں پیش آئے ہیں۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے ہفتے کی صبح 11بجے بغیر کسی اشتعال کے اچانک اور غیر متوقع طور پر فائرنگ کا سلسلہ شروع کردیاجس میں وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید شدت لائی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے نہ صرف ہلکے ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی بلکہ آر پی جی اور مارٹر بم برسانے کے علاوہ مشین گنوں کا استعمال بھی کیا گیا۔ذرائع کے مطابق پاکستانی فوج نے سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بیک وقت لائن آف کنٹرول کے اوڑی سیکٹر اور کمل کوٹ سیکٹر کے کئی علاقوں میں گولی باری کا سلسلہ شروع کردیا۔ان میں باز ، ماڑیاں، دولانجا، اڑوسہ، گوالتہ اور دیگر ملحقہ علاقے شامل ہیں۔دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ اُس پار فوج کی طرف سے مختلف مقامات پر فوج کی اگلی چوکیوں کے ساتھ ساتھ کئی رہائشی علاقوں کو نشانہ بناتے ہوئے شدید گولی باری کی۔بھارت کی طرف سے بھی فوج نے اس کا زوردار جواب دیا اور طرفین کے مابین اپنی نوعیت کی شدیدگولی باری وقفے وقفے سے جاری رہی۔گولی باری کے نتیجے میں فوج کا ایک پورٹر22سالہ سید عباس حسین شاہ ولد مظلوم حسین شاہ ساکن ماڑیاں بری طرح سے زخمی ہو اور بعد میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ بیٹھا۔مذکورہ پورٹر گولی باری کے وقت لائن آف کنٹرول پر قائم فوج کی شنکر نامی چوکی پر تھا جہاں وہ شیلنگ کی زد میں آکر اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔اس کے علاوہ اسی گاؤں کی رہنے والی18سالہ دوشیزہ نسرینہ بانو دختر فقیراللہ بری طرح سے مضروب ہوئی۔دوشیزہ کے والد نے بتایا کہ وہ گھر کے باہر کام کررہی تھی کہ ایک گولہ اس کے نزدیک گر کر پھٹ گیا اور وہ زخمی ہوگئی۔اسے علاج و معالجہ کےلئے پہلے سب ڈسٹرکٹ اسپتال اوڑی اور بعد میں صورہ میڈیکل انسٹی چیوٹ سرینگر منتقل کیا گیا۔ دیر سے موصولہ ایک اطلاع کے مطابق آصفہ بیگم زوجہ منظور احمد خان ساکن کنڈی برجالا نامی خاتون بازو میں گولی لگنے سے زخمی ہوئے اور اسے سب ڈسٹرکٹ اسپتال اوڑی میں داخل کرایا گیا۔آخری اطلاع ملنے تک آر پار گولی باری رُک رُک کر جاری تھی۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ گولی باری کے دوران کچھ مارٹر گولے گھنے جنگل اور جھاڑیوں کے نزدیک پھٹنے سے جنگلات میں آگ ظاہر ہوئی ہے جو بڑی تیزی کے ساتھ پھیل رہی تھی اور اس کے نتیجے میں متعدد درخت اور جھاڑیاں جل کر خاکستر ہوئیں۔کے ایم این کے مطابق گولی باری کے ان واقعات کے پیش نظرسرحدی بستیوں میں رہائش پذیر لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے کیونکہ کئی بستیوں کے رہائشی مکانات بھی گولوں اور گولیوں کی زد میں آگئے ہیں۔پولیس کی ٹیم بھی وہاں پہنچ گئی ہے اور مقامی لوگوں کو گولی باری کے دوران گھروں کے اندر ہی رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔دوسری جانب کنٹرول لائن کی نگرانی بڑھادی گئی ہے اور سیکورٹی فورسز کو دن رات چوکنا رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔فوج کا کہنا ہے کہ اس طرح کی فائرنگ اکثر جنگجوؤں کو دراندازی میں معاونت کےلئے کی جاتی ہے۔دریں اثناءانتظامیہ نے گولی باری کے پیش نظر کمل کوٹ، ماڑیاں، دولانجا، اڑوسہ، چاکرہ، جبڑہ اور دیگر ملحقہ علاقہ جات میں تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا ہنگامی اعلان بھی کیا۔