کشمیر ،جموں اور لداخ کو خود مختار بنائیں: رانا

اڑان نیوز
جموں //نیشنل کانفرنس کے پرونشنل صدر دیوندر سنگھ رانا نے جمعہ کو کہا کہ ریاست کے تینوں خطوں کی امنگوں اور آرزوں کی عزت کرنے میں ہی ریاست کی وحدت قائم رہ سکتی ہے ۔موصولہ پریس بیان میں ان باتوں کا اظہار دیوندر سنگھ رانا نے یہاں شیر کشمیر بھون میں مختلف اضلاع سے آئے پارٹی کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تینوں خطوں کی تمنائیں الگ الگ ہیں جن کو عزت بخشنے سے احساس محرومی کو دور کیا جاسکتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس نے علاقائی خودمختاری کے ڈاکیومنٹ میں اس حوالے سے نقشہ راہ پیش کیا ہے ۔جس پر بحث کی ضرورت ہے اور سب سے بڑھ کر سیاست سے اوپر اٹھ کر اسے عملانے کی ضرورت بھی ہے ۔جوکہ ریاست کی کلہم بقا کے لئے لازمی ہے ۔موصوف نے مزید کہا کہ خود مختار ریجنل کونسلوں کے قیام کے لئے ایک میکانزم تیار کرنے کی ضرورت ہے جن میں عوامی نمائندگی کو ریاستی سطح کی نگرانی میں رکھا جائے ۔اس طرح کے نظام سے نہ صرف طاقت کی غیر مرکزیت ہوگی بلکہ عوامی نمائندگی سے فیصلہ جاتی عمل میں بھی مدد ملے گی ۔انہوں نے کہا کہ اس طرح کا فیصلہ نیشنل کانفرنس کے اس فلسفہ کو بھی تائید ہوگی جس میں عوام کو طاقت کا سرچشمہ مانا گیا ہے ۔ رانا کا کہنا تھا کہ علاقائی ہم آہنگی ریاست کی کلہم ترقی کی کلید ہے ۔جو کہ صرف اس صورت میں پائی جاسکتی ہے کہ تینوں خطوں کواقتصادی ترقی اور سیاسی خود مختاری ملے۔رانا نے ریاست کو درپیش کئی مسائل کا ذکر کیا جو اس وقت حالات ہیں چاہے سیکورٹی صورتحال ہو یا پھر ترقیاتی محاذ پر درپیش چیلنج۔ آرپار گولہ باری سے سرحدی آبادی کو درپیش سنگین مسائل پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پرونشنل صدر نے کہا کہ ہند پاک مذکرات پر طاری جمود ٹوٹنے سے ہی سرحدوں پر امن کی فضا قائم ہوسکتی ہے اگرچہ موجودہ صورتحال دوطرفہ بات چیت کے لئے موزوں نہیں ہیں لیکن مسائل کو بندوقوں سے حل نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ سرحدی تناو کی بھینٹ چڑھنے والے ریاستی عوام ہی ہے ۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ مرکز ی حکومت سیاسی بلوغیت کا مظاہرہ کرکے ہمسایہ ملک کے ساتھ اسی طرح یہ مسلہ بھی حل کرے گا جیسے ڈوکلام نزاع حل ہوگیا۔میٹنگ میں اور لوگوں کے علاوہ اجے کمار سدھوترا ، سرجیت سنگھ سلاتھیہ ، رام رتن لال گپتا، سید مشتاق احمد بخاری ، ٹھاکر کشمیرا سنگھ، شیخ عبدالرحمان، بابو رام پال ، عبد الغنی ملک ، ملک غلام حیدر، اعجاز احمد جان ، شیخ بشیر احمد، ماسٹر نور حسین ، حاجی محمد حسین ، دیپندر کور، جگل مہاجن ، گردیپ سنگھ ساسن، چودھری ہارون ، ستونت کور ڈوگرا، وجے لکشمی دت ، دھرم ویر سنگھ جموال ، شام نرائن مہتا، سنیل ورما ، تنویر کچلو، موہندر گپتا، دلجیت شرما،کلدیپ کور، دلشاد ملک ، ریتا گپتا وغیرہ شامل تھے ۔ میٹنگ میں ضلعی سیکڑٹریوں اور بلاک صدور نے بھی شرکت کی ۔