وزیر دفاع کا دورہ ریاست آج فوجی سربراہ کے ہمراہ سرینگر پہنچیں گی

اڑان نیوز
جموں //ہند پاک سرحدوں پر انتہائی کشیدگی کے بیچ ریاست کی حفاظتی صورتحال اور دفاعی تیاریوںکا جائزہ لینے کیلئے خاتون وزیر دفاع نرملا سیتھا رمن فوجی سربراہ جنرل بپن راوَت کے ہمراہ ریاست کے دوروزہ دورے پر جمعہ کو سرینگر وارد ہونگی۔یہ وزیر دفاع کی حیثیت سے نرملا سیتھا رمن کا ریاست کا پہلا دورہ ہوگا جس دوران وہ لداخ میں واقعہ دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن گلیشئر کا دورہ کرنے کے علاوہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ، گورنر این این ووہرااورریاست میں تعینات فوج کے سینئر کمانڈروں کے ساتھ تبادلہ خیال کریں گی۔دفاعی ذرائع نے بتایا کہ وزیر دفاع نرملا سیتھا رمن جمعہ کو وادی کے دورے پر پہنچ رہی ہیں اور اس دوران وہ ریاست میں تعینات فوجی کمانڈروں کے ساتھ بات چیت کرکے حفاظت سے متعلق تازہ ترین صورتحال کی جانکاری حاصل کریں گے۔یہ رواں ماہ کی 3تاریخ کو وزیر دفاع کا عہدہ سنبھالنے کے بعد نرملا سیتھا رمن کا ریاست کا پہلا دورہ ہوگا۔وزیر دفاع ایک ایسے وقت پر ریاست کا دورہ کررہی ہیں جب ہند پاک بین الاقوامی سرحد اور حد متارکہ پر گولی باری کے باعث صورتحال انتہائی کشیدہ بنی ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق وزیر دفاع کے ہمراہ فوج کے سربراہ جنرل بپن راوَت کے علاوہ وزارت دفاع کے اعلیٰ اہلکار اور سینئر فوجی کمانڈر بھی ہونگے ۔وزیر دفاع جمعہ کی صبح نئی دلی سے براہ راست سرینگر پہنچیں گی جہاں انہیں پاکستان کے ساتھ لگنے والی لائن آف کنٹرول و بین الاقوامی سرحد اور چین کے ساتھ لگنے والی حقیقی لائن آف کنٹرول کی موجودہ صورتحال کے بارے میں مفصل جانکاری فراہم کی جائے گی۔اس مقصد کیلئے سرینگر میں قائم فوج کے 15کور ہیڈکوارٹر پر ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوگی جس میں فوج کی تیاریوں کا جائزہ بھی لیا جائے گا۔میٹنگ کے دوران انہیں وادی کی مجموعی حفاظتی صورتحال اور کنٹرول لائن کے حالات پر بریفنگ دی جائے گی ۔اس سلسلے میں خاص طور پر جنگجوئوں کی سرگرمیوں ، ان کے خلاف جاری کارروائیوںاور دراندازی کی نوعیت جیسے موضوعات زیر بحث آئیں گے۔ذرائع نے کشمیر میڈیا نیٹ ورک بتایا کہ سرینگر میں قیام کے دوران نرملا سیتھا رمن ریاست کی خاتون وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی اور گورنر این این ووہرا کے ساتھ علیحدہ علیحدہ ملاقات کرکے ریاست کی مجموعی صورتحال کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گی۔سرینگر میں رات بھر قیام کے بعد اپنے دورے کے اگلے مرحلے کے تحت وزیردفاع اور فوجی سربراہ سنیچر30ستمبر کولداخ خطے میں واقع دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ سیاچن گلیشئر کا بھی دورہ کرکے وہاں تعینات افسران اور اہلکاروں سے ملاقات کریں گے۔وزیر دفاع سنیچر کو ہی واپس نئی دلی روانہ ہونگی۔