وادی میں ایک روز ہ ہڑتال کے بعد معمولات زندگی بحال

اڑان نیوز
سری نگر//کشمیر ٹریڈرس اینڈ مینو فیکچرس فیڈریشن نامی تجارتی انجمن کے صدر حاجی محمد یاسین خان کی نئی دہلی میں واقع قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) کے ہیڈکوارٹرس میں طلبی کے خلاف ایک روزہ ہڑتال کے بعد وادی کشمیر میں منگل کے روز معمولات زندگی بحال ہوگئے۔ ہڑتال کی کال وادی کی چند تجارتی انجمنوں نے دی تھی جبکہ کشمیری علیحدگی پسند قیادت سید علی گیلانی، میرواعظ مولوی عمر فاروق اور محمد یاسین ملک نے اس کی حمایت کا اعلان کیا تھا۔ گرمائی دارالحکومت سری نگر کے پائین شہر کے بیشتر حصوں میں پیر کو عائد کردہ پابندیاں ہٹالی گئی ہیں جبکہ جموں خطہ کے بانہال اور شمالی کشمیر کے بارہمولہ کے درمیان چلنے والی ریل خدمات بحال ہوگئی ہیں۔ سرکاری ذرائع نے یو این آئی کو بتایا ’پائین شہر کے کسی بھی علاقہ میں آج کوئی پابندیاں نافذ نہیں ہیں‘۔ این آئی اے پاکستان اور دوسرے ممالک سے ہونے والی مبینہ ٹیرر فنڈنگ اور علیحدگی پسندوں کی سرگرمیوں کی تحقیقات کررہی ہے۔ اسی سلسلے میں اس جانچ ایجنسی نے تاجر لیڈر محمد یاسین خان اور کشمیر یونیورسٹی کے ریسرچ اسکالر اعلیٰ فاضلی کو پیر کے روز پوچھ گچھ کے لئے نئی دہلی طلب کیا تھا۔ یو این آئی کے ایک نامہ نگار جس نے منگل کی صبح پائین شہر کے مختلف علاقوں کادورہ کیا، نے بتایا کہ سڑکوں پر جو رکاوٹیں پیر کی صبح کھڑی کی گئی تھیں، کو ہٹالیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نوہٹہ میں واقع تاریخی و مرکزی جامع مسجد کی طرف جانے والی تمام سڑکوں سے بھی رکاوٹیں ہٹالی گئی ہیں۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق پائین شہر میں منگل کی صبح دکانیں اور تجارتی مراکز کھل گئے، جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آمدورفت بحال ہوئی۔ سرکاری دفاتر، بینکوں اور دیگر مالیاتی اداروں میں معمول کا کام کاج بحال ہوگیا ۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ پائین شہر کے پانچ پولیس تھانوں نوہٹہ، ایم آر گنج، صفا کدل، خانیار اور رعناواری کے تحت آنے والے علاقوں میں پابندیاں شہر میں امن وامان کی صورتحال کو بنائے رکھنے کے لئے نافذ کی گئی تھیں۔ وادی کے تمام حصوں سے بھی ایک روزہ ہڑتال کے بعد معمولات زندگی بحال ہونے کی اطلاعات موصول ہوئیں۔ ان اطلاعات کے مطابق منگل کی صبح وادی بھر میں دکانیں اور تجارتی مراکز کھل گئے جبکہ تمام سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت بحال ہوگئی۔ سرکاری دفاتر، بینکوں اور تعلیمی اداروں میں بھی معمول کا کام کاج بحال ہوا۔ دریں اثنا وادی میں ایک دن کی معطلی کے بعد ریل خدمات منگل کی صبح بحال کردی گئیں۔ ریلوے کے ایک عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا ’ ہم نے آج تمام ریل گاڑیوں کی معمول کی خدمات بحال کردیں‘ ۔