بانہال ایس ایس بی حملے میں ملوث تیسرا ملزم پستول سمیت گرفتار پولیس نے حملے کے 5روز بعد بانہال کے نوگام علاقے سے کیا گرفتار

 

دانش وانی
بانہال//بانہال میں گذشتہ بدھوار کو ایس ایس بی کے اہلکاروں پر ہوئے حملے کے تیسرے مطلوبہ ملزم کو بھی پولیس نے گرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کر لی جب کہ اس کے قبضہ سے ایک چینی پستول اور گولیاں برآمد کی گئی ہیں ۔ پولیس کے مطابق نے ایس ایس بی حملے میںملوث تیسرے مطلوب نوجوان کو گذشتہ رات بانہال کے نوگام علاقے سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔پولیس نے مذکورہ نوجوان کی شناخت عاقب وحید ولد عبدالوحید نجار ساکنہ کسکوٹ کے طور پر کی ہے ۔اس سے قبل جمعرات کو پولیس نے اس حملے میں دو مقامی نوجوانون غضنفر اور عارف کو گرفتار کیا تھا اور اُن کی نشاندہی پر ایس ایس بی کے اہلکاروں سے چھینے گئے ہتھیار ، جن میں ایک انساس اور ایک اے آر 41رائفل تھی ، برآمد کی گئی تھی۔پولیس کے مطابق حملے کے دن سے ہی ان تین لاپتہ ملزموں کی تلاش شروع کر دی گئی تھی اور2کو جمعرات کو عشر اور کسکوٹ کے درمیا نی علاقے سے گرفتار کر لیا تھا ۔ عاقب وحید اُس روز سے ہی پولیس کو مطلوب تھا اور اس کی تلاش پولیس نے مختلف ذرائع سے جاری رکھی ہوئی تھی۔ذرائع کے مطابق اس کے رشتہ داروں اور گھروالوں نے بھی پولیس کو اس معاملے میں تعاون فراہم کیا اور گذشتہ رات حملے کے5 روز بعد ایک پستول سمیت اسے بانہال کے نوگام علاقے سے گرفتار کیا گیا۔ پولیس نے اس معاملے میں پہلے ہی ایک ایف آئی آر نمبر 156/17زیر دفعہ 302/307/382/120B/121/ARPC/727آرمز ایکٹ کے تحت تھانہ بانہال میں درج کر رکھی ہے ۔واضح رہے بانہال کے نوگام علاقہ میں چار گلیارہ ٹنل پر حفاظتی ڈیوٹی پر تعینات ایس ایس بی اہلکاروں پرگذشتہ بدھوار شام کو حملہ کیا گیا تھا جس سے ایک ہیڈ کانسٹیبل کی موت واقع ہوئی تھی جب کہ ایک شدید زخمی ہو گیا تھا ۔ حملہ کے دوران ملزمین نے ان سے ہتھیار بھی چھین لئے تھے ۔