پونچھ سیکٹر میں گولہ باری ، 2اہلکار زخمی

طارق خان
بالاکوٹ // سرحدی تحصیل بالاکوٹ میں کئی دنوں کے سکوت کا خاتمہ اس وقت ہوا جب اتوار کی صبح ایک مرتبہ پھر پاکستانی افواج نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فوج کی اگلی چوکیوں کو نشانہ بنایا۔گولہ باری کے نتیجے میں دو فوجی اہلکار زخمی ہو گئے ہیں ذرائع کے مطابق اس گولہ باری میںفوج کی گورکھا ریجمنٹ کے دو اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔جنہیں فوری طور آرمی ہسپتال منتقل کیا گیا ،زخمی اہلکاروں کی شناخت حوالدار سائی گان رائے اور سپاہی وجے رائے کے طور پر ہوئی ہے ۔ خیال رہے کہ بالاکوٹ علاقہ میں کئی دنوں سے فائرنگ کا سلسلہ بند تھا اور اتوار کی صبح کو اچانک گولہ باری ہوئی جس کا جواب ہندوستانی افواج نے بھی دیا۔ سرکاری ذرائع نے بتایا ’پاکستان کی جانب سے اتوار کی علی الصبح پونچھ میں ایل او سی کے بھمبر گلی سیکٹر میں بھارتی فوج کی اگلی چوکیوں پر فائرنگ کی گئی‘۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی طرف سے مارٹر گولے بھی فائر کئے گئے ۔ گولہ باری کا تبادلہ قریب آدھے گھنٹے تک جاری رہا۔ جموں وکشمیر میں پاکستان کے ساتھ لگنے والی سرحدوں پر گذشتہ ڈیڑھ ماہ سے اینچن کا ماحول بنا ہوا ہے۔ جموں اور سانبہ اضلاع میں بین الاقوامی سرحد پر سرحد پار سے مسلسل گولہ باری کے پیش نظر قریب ایک ہزار نفوس پر مشتمل سرحدی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔ آر ایس پورہ اور رام گڑھ سیکٹر میں 22 اور 23 ستمبر کی درمیانی رات کو پاکستان کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 عام شہری اور سرحدی حفاظتی فورس (بی ایس ایف) کے 2 جواں زخمی ہوگئے۔ پاکستان کی طرف سے 22 ستمبر کو ارنیہ، آر ایس پورہ اور رام گڑھ میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی گئی جس کے نتیجے میں میں 4 عام شہری زخمی، 6 مویشی ہلاک جبکہ 34 دیگر زخمی ہوگئے۔ فائرنگ سے 2 رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ۔ دوسری طرف پاکستان نے اسی دن دعویٰ کیا کہ سیالکوٹ میں ورکنگ باؤنڈری پر بھارتی فوج کی فائرنگ سے کم از کم 6 عام شہری ہلاک جبکہ 26 دیگر زخمی ہوگئے ۔ ارنیہ سیکٹر میں 21 کو پاکستانی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں 3 عام شہری زخمی، 2 رہائشی مکانوں کو نقصان، 3 مویشی ہلاک جبکہ 6 دیگر زخمی ہوگئے ۔ 20 ستمبر کو شمالی کشمیر کے کیرن سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر سرحد پار سے ہونے والی فائرنگ کے نتیجے میں فوج کا ایک جوان جاں بحق ہوگیا۔ مہلوک فوجی کی شناخت سپاہی راجیش کھٹاری کے بطور کی گئی۔ جموں کے ارنیا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی رات کو پاکستانی رینجرز کی فائرنگ سے ایک معمر خاتون ہلاک جبکہ پانچ دیگر عام شہری زخمی ہوگئے ۔خیال رہے کہ سرحدی علاقہ کے لوگ آئے روز کی اس گولہ باری اور فائرنگ سے کافی سہم گئے ہیں،چونکہ ان دنوں گھاس کی کٹائی اور فصلوں کو سنبھالنے کا موقع ہے جوکہ ان حالات کی وجہ سے ممکن نہیں ہوپارہا ،پریشان حال آبادی کا کہنا ہے کہ شاید گولہ باری اور فائرنگ کا یہ سلسلہ اب رکنے والا نہیں اور ہماری سال بھر کی محنت یوں ہی ضائع ہونے کا خدشہ ہے ۔