بھارت مشکل ہمسایہ ثابت ہوا مخلصانہ کوششوں کا جواب نہیں ملا: عبدالباسط

سرینگر//نئی دلی میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ پاکستان نے ہمیشہ بھارت کے ساتھ بہتر تعلقات کی سنجیدہ کوششیں کی ہیں لیکن اس نے کبھی بھی پاکستان کی ان مخلصانہ کوششوں کا مثبت جواب نہیں دیا بھارت پاکستان کے خلاف امریکا کو استعمال کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ کراچی کونسل آن فارن ریلیشن کے تحت پاک بھارت تعلقات کے موضوع پر منعقدہ مکالماتی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالباسط نے کہاکہ بھارت ہمیشہ سے اپنے پڑوسی ممالک کیلئے ایک مشکل ہمسایہ ثابت ہوا ہے اس صورتحال کا سامنا صرف پاکستان کو نہیں بنگلہ دیش، نیپال اور مالدیپ کو بھی ہے 2015 میں پاک بھارت وزرائے اعظم نے مذاکرات بحال کرنے پر اتفاق کیا لیکن بعد میں بھارت مختلف حیلے بہانوں سے سنجیدہ مذاکرات سے بھاگتا رہا حالانکہ یہ کشیدہ تعلقات کو بہتر کرنے کی اچھی کوشش تھی انھوں نے کہا کہ کشمیری حریت رہنماؤں سے ملاقات سے قبل بھارت نے نئی شرائط عائد کردیں۔بھارتی وزیر خارجہ نے مذاکرات کو کشمیری رہنماؤں سے ملاقات منسوخ کرنے سے مشروط کر دیا ہے بھارت پاکستان سے تعلقات بہتر کرنے کی ہر کوشش سے پیچھے ہٹتا رہا ہے پٹھان کوٹ واقعے کے بعد بہتری کی کوششوں میں پھر دراڑ آگئی عبدالباسط نے کہا کہ دہشت گردی کے اس واقعے پر پاکستان نے اپنی ٹیم بھی وہاں بھیجی مگر الزامات کی سیاست ختم نہ ہوسکی مذاکرات کی کوششوں کو بھارت مسلسل حیلے بہانوں سے ٹال رہا ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے انھوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیو کے انکشافات سے ثابت ہوچکا ہے کہ بھارت پاکستان میں عدم استحکام کی کارروائیوں میں ملوث ہے انھوں نے کہا کہ بھارت میں 14 فیصد آبادی مسلمانوں کی ہے مگر سرکاری اداروں میں ان کی نمائندگی 2 فیصد سے زیادہ نہیں ہے سابق ہائی کمشنر نے الزام لگایا کہ بھارت اپنی عوام کی حالت بہتر کرنے بجائے پڑوسی ممالک کے انتشار میں ملوث ہے بھارت چین کے ساتھ مسابقت کی خام خیالی میں مبتلا ہے انھوں نے کہا کہ کشمیریوں کی تیسری اور چوتھی نسل جدوجہد آزادی میں مصروف ہے عالمی برادری کو کشمیر کے معاملے اپنا مثبت کردارادا کرنا چاہیے۔