ہمسایہ ملک ہوش کے ناخن لے :راج ناتھ

نیوز ڈیسک
نئی دہلی//پاکستان کی جارحیت کا بھر پور انداز میں جواب دینے کا ارادہ ظاہر کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہاکہ بھارت اس وقت طاقتور ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حد متارکہ اور بین الاقوامی کنٹرول لائن پر پاکستان کے منصوبوں کو ناکام بنانے کیلئے فوج ، بی ایس ایف اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے۔ جارکھنڈ میں تقریب کے حاشیہ پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ ملک کی افواج کسی بھی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوںنے کہاکہ حد متارکہ اور بین الاقوامی کنٹرول لائن پر پاکستان کی جارحیت کو ناکام بنانے کیلئے تمام تر اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ چونکہ بھارت اس وقت طاقتور ملک کے طور پر ابھر کر سامنے آرہا ہے جس کے نتیجے میں پاکستان ذہنی پریشانیوں کا شکار ہو گیا ہے اور آئے روز سرحدوں پر سیز فائر معاہدے کی دھجیاں اڑا رہا ہے۔ وزیر داخلہ کے مطابق پیرا ملٹری فورسز ملک کی سرحدوں کی حفاظت کیلئے چوبیس گھنٹے اپنی خدمات خوش اسلوبی کے ساتھ انجام دے رہی ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بارڈر سیکورٹی فورسز رینجرس کی گولہ باری کا سختی کے ساتھ جواب دے رہے ہیں۔