گؤ رکھشکوں کی ریشہ دوانیاں تشدد کے متاثرین کو معاوضہ دیناریاستوں کی ذمہ داری: سپریم کورٹ

یو این آئی
نئی دہلی//سپریم کورٹ نے جمعہ کے روز کہا ہے کہ ذمہ داری ریاستوں کی ہے کہ وہ گؤ رکھشا کے نام پر ہونیوالے تشدد کے شکار لوگوں کو معاوضہ دے ۔چیف جسٹس دیپک مشرا کی صدارت والی بنچ نے کانگریس لیڈر تحسین پوناوالا اور دیگرعرضی گزاروں کی درخواستوں کی سماعت کے دوران اپنے چھ ستمبر کے حکم پر عمل درآمد کے لئے سبھی ریاستوں سے صورتحال کی رپورٹ مانگی ہے ۔سماعت کے دوران جمعہ کے روز گجرات، راجستھان، جھارکھنڈ، کرناٹک اور اترپردیش نے عدالت عظمی میں اپنی رپورٹ داخل کردی ہے ۔ عدالت نے بقیہ ریاستوں سے بھی کہا ہے کہ وہ جلد از جلد رپورٹ جمع کردیں۔ اس معاملے پر آئندہ سماعت 31اکتوبر کو ہوگی۔ واضح رہے کہ گزشتہ چھ ستمبر کی سماعت کے دوران عدالت نے کہا تھا کہ حکومتیں گؤ رکھشا کے نام پر جاری تشددکوروکنے کے لئے قدم اٹھائیں۔ عدالت نے ریاستی حکومت کو اس بابت سخت قدم اٹھانے کی تلقین کی تھی۔ عدالت نے ایسے واقعات پر لگام کسنے کے لئے ہر ضلع میں نوڈل افسر مقرر کرنے اور ایک ہفتے کے دوران پورا عملہ تیار کرنے کا حکم دیاتھا۔ عدالت عظمی نے گؤ رکھشکوں کے حالیہ حملوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے ہر ریاست کے چیف سکریٹریوں سے کہا تھا کہ وہ متعلقہ پولیس سپرنٹنڈنٹوں کی مدد سے قومی شاہراہوں کو گؤ رکھشکوں سے محفوظ رکھیں۔