ترال گرینیڈ حملے میں شہری ہلاکتوں کے خلاف ہڑتال

اڑان نیوز
سری نگر//جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال میں جمعرات کو ہوئے گرینیڈ حملے میں 2 عام شہریوں کی ہلاکت اور دیگر متعدد کے زخمی ہونے کے خلاف جمعہ کو مکمل ہڑتال کی گئی۔ قصبہ میں بغیر کسی ہڑتال کال کے دکانیں اور تجارتی مراکز بند رہے جبکہ سڑکوں پر گاڑیوں کی آواجاہی معطل رہی۔ سرکاری دفاتر اور بینکوں میں معمول کا کام کاج جزوی طور پر متاثر رہا۔ قصبہ میں واقع بیشتر تعلیمی اداروں میں معمول کی تدریسی سرگرمیاں معطل رہیں۔ خیال رہے کہ قصبہ ترال میں جمعرات کو مشتبہ جنگجوو¿ں کی طرف سے کئے گئے گرینیڈ حملے میں 2 عام شہری ہلاک جبکہ آدھ درجن سیکورٹی فورس اہلکاروں سمیت 30 دیگر زخمی ہوگئے۔ سیکورٹی اداروں کے مطابق حملہ آوروں کا بنیادی ہدف ریاستی وزیر اور حکومتی ترجمان نعیم اختر تھے۔ مہلوک کی شناخت اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی طالبہ پنکی کور اور ریٹائرڈ ٹیچر غلام نبی تراگ کے بطور کی گئی تھی۔ ترال سے موصولہ اطلاعات کے مطابق جمعہ کے دن لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے پنکی کور اور غلام نبی تراگ کے گھر جاکر ان کے لواحقین کے ساتھ تعزیت کی۔