روہنگیا ملک میں پناہ گزیں نہیں بلکہ غیرقانونی طورپر مقیم : راجناتھ سنگھ بھارت نے اقوام متحدہ پناہ گزین معہادہ پر دستخط نہیں کئے ہیں

یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے جمعرات کو کہا کہ بھارت میں میانمار سے آئے روہنگیا پناہ گزیں نہیں بلکہ غیرقانونی طورپر ملک میں مقیم ہیں۔ راج ناتھ سنگھ نے قومی انسانی حقوق کمیشن کے ذریعہ منعقدہ ایک کانفرنس میں کہا کہ روہنگیا بھارت میں غیرقانونی طورپر مقیم ہیں اور انہوں نے پناہ کے لئے درخواست نہیں دی ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ جب میانمار انہیں واپس لینے کو تیا ر ہے تو بھارت میں کچھ لوگ انہیں واپس بھیجنے کی مخالفت کیوں کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میانمار سے بھارت میں گھس آئے روہنگیا لوگ پناہ گزیں نہیں ہیں ، اس حقیقت کو سمجھنا چاہئے۔ واپس نہیں بھیجنے کا اصول ان پر نافذ ہوتا ہے جنہوں نے بھارت میں پناہ لی ہو۔ کسی بھی روہنگیا نے اب تک بھارت میں پناہ کے لئے درخواست نہیں دی ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ نے کہا کہ انسانی حقوق کا حوالہ دیکر غیرقانونی طریقہ سے رہنے والوں کو پناہ گزیں بتانے کی غلطی نہیں کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ روہنگیا کو واپس بھیج کربھارت کسی بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی نہیں کررہا ہے۔ بھارت نے اقوام متحدہ پناہ گزیں معاہدہ 1951پر دستخط نہیں کئے ہیں۔اس سے قبل مرکزی حکومت نے سپریم کورٹ میں کہا تھا کہ ملک میں غیرقانونی طریقہ سے مقیم روہنگیا لوگوں کے بین الاقوامی دہشت گرد تنظیم اسلامک اسٹیٹ اور پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے تعلقات ہیں اور ان سے قومی سلامتی کو خطر ہ ہے۔