پی ڈی پی، بی جے پی کابینہ میں ردوبدل کا امکان رام مادھو ریاست کے2 روزہ دورہ پر آج جموں پہنچیں گے

یو این آئی
جموں// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قومی جنرل سکریٹری رام مادھو جموں وکشمیر میں پارٹی وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے جمعرات کو دو روزہ دورے پر یہاں آئیں گے۔ مادھو کے دور روزہ دورے کے بعد ریاست میں پی ڈی پی ، بی جے پی مخلوط حکومت کی کابینہ میں ردوبدل کا امکان ہے۔ بی جے پی قومی جنرل سکریٹری جمعرات کو دن بھر جموں میں رہیں گے، جبکہ اگلے روز ریاستی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سے ملاقات کے لئے سری نگر روانہ ہوں گے۔ باوثوق ذرائع نے بتایا ’بی جے پی جنرل سکریٹری ریاست میں بی جے پی وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے جموں وکشمیر کے دو دورے پر آرہے ہیں‘۔ انہوں نے بتایا ’مرکزی وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ کے گذشتہ ہفتے کے دورہ جموں وکشمیر کے دوران بعض وفود نے کچھ بی جے پی وزراءپر ناقص کارکردگی کا الزام عائد کیا۔ ان الزامات کے تناظر میں ہی مادھو ریاست کا دورہ کررہے ہیں‘۔ ذرائع نے بتایا کہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز (جموں) کے ایک وفد نے راجناتھ سنگھ کے سامنے بی جے پی وزراءکی عدم کارکردگی کی شکایت کی اور انہیں ایک تحریری شکایت بھی پیش کی۔ چیمبر نے بعدازاں بی جے پی وزراءکی ناقص کارکردگی کے خلاف ’جموں بند‘ کی کال بھی دی ۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ’ مادھو جموں میں قیام کے دوران بی جے پی وزراءکی کارکردگی کا جائزہ لیں گے‘۔ انہوں نے بتایا کہ بعض ممبران اسمبلی اور پارٹی کارکنوں نے بھی بی جے پی وزراءکی کارکردگی پر پارٹی ہائی کمان کے سامنے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا ’بی جے پی وزراءیہاں تک کہ اپنے ممبران اسمبلی کو بھی نظرانداز کررہے ہیں۔ وہ لوگوں سے ملنا بھی ضروری نہیں سمجھتے ہیں۔ جموں واسیوں کو بی جے پی وزراءسے بہت سی توقعات تھیں، لیکن وہ ان کی توقعات پر کھرا اترنے میں ناکام ثابت ہوئے ہیں۔ یہ شکایات پارٹی ہائی کمان کے سامنے کی گئی ہیں‘۔ انہوں نے بتایا ’بی جے پی ممبران اسمبلی و کارکنوں کی ناراضگی نے ہی بی جے پی ہائی کمان کو رام مادھو کو یہاں بھیجنے پر مجبور کردیا ہے‘۔ ذرائع نے بتایا کہ مادھو کے دور روزہ دورے کے بعد ریاست میں پی ڈی پی ، بی جے پی مخلوط حکومت کی کابینہ میں ردوبدل کا بھی امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بی جے پی جنرل سکریٹری ریاست کی موجودہ سیاسی صورتحال پر محبوبہ مفتی ار دوسرے لیڈران کے ساتھ تفصیلی بات چیت کریں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ امکانی ردوبدل میں کچھ نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا اور کچھ موجودہ وزراءکے قلمدان تبدیل ہوسکتے ہیں۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ رام مادھو کو ریاست میں پی ڈی پی ، بی جے پی مخلوط حکومت کا معمار مانا جاتا ہے۔