بانہال قاضی گنڈ زیر تعمیر فورلین ٹنل کے پاس فائرنگ ایس ایس بی افسر ہلاک، دوسرا زخمی تشویشناک حالت میںسرینگر منتقل،پولیس اصل وجوہات کی تحقیقات کر رہی ہے:ایس ڈی پی او

 

دانش وانی
بانہال // بانہال نوگام علاقے میں بدھوار دیر شام پیش آئے فائرنگ کے ایک واقعہ میں بانہال، قاضی گنڈ فورلین ٹنل پر حفاظتی ڈیوٹی پر مامور سشستر سرکھشا بل (ایس ایس بی ) کا ایک اسسٹنٹ سب انسپکٹر گولی لگنے سے ہلاک ہو گیا جبکہ دوسرا اے ایس آئی شدید طور پر زخمی ہو گیا ۔ اسے ایمرجنسی ہسپتال بانہال میں ابتدائی طبی امداد دینے کے بعد سرینگر منتقل کر دیا گیا ہے اور اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔گولیاں چلنے کی وجوہات کا اگر چہ آخری اطلات ملنے تک پتہ نہ چل سکا تھا تاہم پولیس اور دیگر سیکورٹی ایجنسیوں اور فوج نے علاقے کو گھیر کر تلاشی کارروائی کے ساتھ ساتھ معاملے کی تحقیقات شروع کر دی ہے ۔ذرائع کے مطابق یہ واقعہ دیر شام 07بجے کے قریب نو یغ کمپنی کی طرف سے تعمیر کئے جا رہے فور لین ٹنل کے قریب پیش آیا جب وہاں پر حفاظت پر مامور سشستر سرکشا بل کے اہلکاروں ، جو ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد واپس کیمپ کی طرف جارہے تھے، پر نویگ انجینئر نگ بیس کیمپ کے نزدیک اچانک گولیاں چلنا شروع ہو گئیں ۔ اس کے نتیجے میں 14بٹالین سشستر سرکشا بل سے وابستہ اے ایس آئی رام پریشور موقعہ پر ہی ہلاک ہوگیا جبکہ دوسرا اہلکار ہر یش یادو شدید زخمی ہوگیا ۔۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس بی کے سینئر آفیسران جائے موقع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے ایک اہلکار کو مردہ قرار دیا ۔اس سلسلے میں رابطہ کر نے پر ایس ڈی پی او بانہال دھیرج سنگھ کٹوچ نے بتایا کہ فائرنگ کے اصل حائق کے بارے میں ابھی تک معلوم نہ ہو سکا ہے اور پولیس معاملے کی تحقیقات کر رہی ہے۔