وزیر اعلیٰ کی صدرات میں اعلیٰ سطحی میٹنگ محرم انتظامات کا جائیزہ لیا ،بجلی ، پانی اور غذائی اجناس کی فراہمی کو یقینی بنانے کی ہدایت دی

سرینگر//وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے آنے والے محرم الحرام کیلئے ریاستی انتظامیہ کی طرف سے کئے گئے انتظامات کا ایک میٹنگ کے دوران جائیزہ لیا ۔ وزیر اعلیٰ نے بلا خلل بجلی اور پانی کی سپلائی کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ مناسب مقدار میں غذائی اجناس اور ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔نئے اسلامی سال کا آغاز اس ہفتے کے آخر میں ہو رہا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ، چئیر مین قانون ساز کونسل حاجی عنایت علی ، خوراک ، سول سپلائیز اور اطلاعات کے وزیر چودھری ذوالفقار علی ، وزیر تعمیرات نعیم اختر ، حج و اوقاف کے وزیر مملکت فاروق اندرابی ، صحت اور طبی تعلیم کی وزیر مملکت آسیہ نقاش ، ارکانِ اسمبلی سید عابد انصاری اور اصغر کربلائی بھی اس میٹنگ میں موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے سٹریٹ لائیٹوں کی فوری مرمت کرنے کی ہدایت دی تا کہ امام باڑوں کیلئے بلا خلل بجلی کی سپلائی یقینی بن سکے ۔ انہوں نے مذہبی جلوسوں کے راستوں پر مناسب ٹریفک نظام کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت دی ۔ انہوں نے شعیہ آبادی والے علاقوں بالخصوص امام باڑوں کی طرف جانے والی سڑکوں کی ترجیح بنیادوں پر میکڈمائیزیشن کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ وزیر اعلیٰ نے اس مقصد کیلئے متعلقہ ضلع ترقیاتی کمشنروں کو واگذار کی جانے والی رقومات میں اضافہ کرنے کی بھی ہدایت دی ۔ محبوبہ مفتی نے لداخ اور جموں خطوں خاص طور سے کرگل ، جموں ، پونچھ ، رام بن اور دیگر مقامات پر محرم کے سلسلے میں مناسب انتظامات کرنے کی ہدایت دی ۔ اس موقعہ پر وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی گئی کہ محکمہ صحت 193 ایمبولینس گاڑیوں کے علاوہ 1563 نیم طبی عملے اور 212 ڈاکٹروں کو امام باڑوں کے نزدیک اور شعیہ آبادی والے علاقوں میں ڈیوٹی پر لگا رہا ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ٹریفک پولیس نے ٹریفک کے مناسب منصوبے ترتیب دئیے ہیں تا کہ عزاداری کے جلوسوں میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے ۔ اس کے علاوہ امام باڑوں ، مذہبی مقامات کی اہمیت کے دیگر مقامات کو جانے والے روٹوں پر بسوں کا خاص انتظام کیا گیا ہے ۔ بجلی کی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعلیٰ کو بتایا گیا کہ محرم الحرام کے مقدس ایام کے دوران ضروریات کو پورا کرنے کیلئے 470 ٹرانسفارمروں کا وافر سٹاک قایم کیا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں بجلی محکمے نے اندرانی گلی کوچوں میں روشنی کا بھی انتظام کیا ہے ۔ انہیں بتایا گیا کہ شہر سرینگر میں 800 سٹریٹ لائیٹوںکی یا تو مرمت کی گئی یا انہیں تبدیل کیا گیا ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ امام باڑوں کے نزدیک اور شعیہ آبادی والے علاقوں میں صفائی مہم شروع کی گئی ہے ۔ محبوبہ مفتی کو بتایا گیا کہ ایل پی جی ، تیل خاکی اور غذائی اجناس کا وافر سٹاک موجود ہے ۔ اس کے علاوہ فوڈ سپلائی محکمہ شعیہ آبادی والے علاقوں کیلئے 2 ہزار کونٹل چاول واگذار کر رہا ہے اس کے ساتھ ساتھ متعلقہ محکمہ ان ایام کے دوران مارکیٹ چیکنگ کو بھی مستحکم کر رہا ہے ۔ پینے کے پانی کی سپلائی کے حوالے سے میٹنگ میں بتایا گیا کہ ان ایام کے دوران 81 مقامات پر پانی سپلائی کیا جا رہا ہے اس کے علاوہ 21 ٹینکروں کو بھی کام پر لگایا جائے گا ۔ انہیں بتایا گیا کہ شعیہ آبادی والے علاقوں میں آر اینڈ بی محکمے نے فوری نوعیت کے 142 کام ہاتھ میں لئے ہیں اس کے علاوہ امام باڑوں اور شعیہ آبادی والے علاقوں کی طرف جانے والی کئی سڑکوں پر تار کول بھی بچھایا جا رہا ہے ۔ دیگر لوگوں کے علاوہ اس میٹنگ میں چیف سیکرٹری بی بی ویاس ، ڈی جی پی ڈاکٹر ایس پی وید ، مختلف محکموں کے انتظامی سیکرٹری ، آئی جی کشمیر زون ، آئی جی ٹریفک ، مختلف محکموں کے سربراہان اور ضلع سرینگر کی انتظامیہ سے وابستہ کئی اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔