روہنگیا معاملے پر عدالت میں ہی فیصلہ ہوگا:راجناتھ سنگھ

یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داحلہ راجناتھ سنگھ نے پیر کے روز کہا کہ روہنگیا پناہ گزینوں کے معاملے میں کوئی بھی فیصلہ عدالت ہی کرے گی۔ روہنگیا پناہ گزینوں کے معاملے میں مرکزی حکومت آج سپریم کورٹ میں 15 صفحات کا حلف نامہ داخل کیا ہے جس میں روہنگیا پناہ گزینوں کے ملک میں آنے اور رہنے کو سلامتی کے لئے سنگین خطرہ قرار دیا گیا ہے ۔ حلف نامہ داخل کئے جانے کے بعد راجناتھ سنگھ نے صحافیوں کے ساتھ بات چیت میں کہا کہ روہنگیا معاملے کا فیصلہ عدالت میں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ “میری رائے یہ ہے کہ ہمیں عدالت کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہئے “۔ عدالت عظمی میں اس معاملے پر اب آئندہ سماعت 3 اکتوبر کو ہوگی۔ وزیر داخلہ کرین رججیو نے روہنگیا پناہ گزینوں کے مسئلے پر بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں کو مخاطب کرکے کہا کہ عالمی تنظیموں کو ہندوستان کے بارے میں غلط معلومات نہیں پھیلانی چاہئے ۔ انہوں نے کہاکہ ” بین الاقوامی انسانی حقوق کے اداروں سے میری درخواست ہے کہ وہ ہندوستان اور حکومت ہند کے بارے میں کوئی غلطی فہمی نہ پھیلائیں”۔ کرن رجیجو نے کہا کہ “ملک کی سلامتی ہماری ذمہ داری ہے “۔ انہوں نے روہنگیا پناہ گزینوں کو واپس بھیجنے کے بارے میں کہا کہ ان کا جانا ملک کے مفاد کا معاملہ ہے ۔ انہوں نے اس مسئلہ کو ” حساس” قرار دیتے ہوئے کہا کہ حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی وہ ملک کے مفادمیں ہی کرے گی۔