ڈاکٹرمنموہن کی قیادت میں کانگریس کا اعلیٰ سطحی وفد سری نگر وارد

اڑان نیوز
سری نگر//گرمائی دارالحکومت سری نگر میں مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے لیڈران، سول سول سوسائٹی اور سماج کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والے افراد سے ملاقات کے لئے سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی قیادت والا اعلیٰ سطحی کانگریس پالیسی پلاننگ گروپ اپنے دو روزہ دورے پر ہفتہ کے روز یہاں پہنچا۔ اس گروپ میں سابق وزیراعظم کے علاوہ سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ، سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد اور اے آئی سی سی کی جنرل سکریٹری امبیکا سونی شامل ہیں۔ کانگریس پارٹی ذرائع نے بتایاکہ گروپ نے سری نگر پہنچنے کے ساتھ پارٹی کے مقامی لیڈران کے ساتھ توسیعی ایگزیکٹو میٹنگ کی جس میں ریاست کی موجودہ صورتحال اور پارٹی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کی قیادت والا کانگریس پالیسی پلاننگ گروپ سری نگر میں مختلف وفود سے ملاقات کا سلسلہ دو دنوں تک جاری رکھے گا۔ گروپ نے گذشتہ ہفتے ریاست کی سرمائی دارالحکومت جموں کا دورہ کرکے وہاں کانگریس کی ایگزیکٹو میٹنگ میں پارٹی کے مقامی سینئر لیڈران سے تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ مختلف وفود بشمول جموں بار ایسوسی ایشن، چیمبر ایسوسی ایشن، کشمیری مہاجر، رفیوجی، ڈوڈہ مہاجر، اقلیتوں کی تنظیمیں (ایس سی، ایس ٹی)، پہاڑی زبان بولنے والوں کی آرگنائزیشن اور گوجر باڈی سے الگ الگ میٹنگیں کیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم کی قیادت والے گروپ کو سری نگر میں ریاست کی موجودہ سیاسی و سیکورٹی صورتحال کے علاوہ یو پی اے حکومتوں میں شروع کئے گئے پروجیکٹوں میں پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پی ڈی پی بی جے پی حکومت اور مرکز میں بی جے پی حکومت معرض وجود میں آنے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں کی طرح سری نگر میں بھی سماج کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والی وفود سابق وزیر اعظم ڈاکٹر سنگھ سے ملاقات کریں گی اور انہیں ریاستی کی موجودہ صورتحال اور متعلقہ ایشوز کی جانکاری فراہم کریں گے۔