او آئی سی کو داخلی معاملات میں دخل کا کوئی اختیار نہیں:بھارت

یو این آئی
اقوام متحدہ// بھارت نے اقوام متحدہ میں دو ٹوک الفاظ میں یہ واضح کردیا ہے کہ تنظیم اسلامی تعاون (او آئی سی) کو اس کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کا کوئی قانونی حق حاصل نہیں ہے ۔ بھارت نے کل جموں وکشمیر سے متعلق تنظیم اسلامی کانفرنس کے بیان اور پاکستان کی جانب سے اس کے ذکر کئے جانے کو یکسر مسترد کردیا اور کہا کہ او آئی سی کو بھارت کے داخلی امور میں مداخلت کرنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ پاکستان نے کل او آئی سی کی طرف سے کہا تھاکہ بھارت جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کررہا ہے اور کشمیریوں کوحق خود اختیاری سے محروم کررکھا ہے ۔ پاکستان کی جانب سے دیئے گئے او آئی سی کے حوالوں کا جواب دیتے ہوئے اقوام متحدہ میں بھارت کے مستقل مشن کے فرسٹ سکریٹری ڈاکٹر سمیت سیٹھ نے کہا کہ بھارت نہایت افسوس کے ساتھ یہ کہنا چاہتا ہے کہ بھارت کی ریاست جموںوکشمیر سے متعلق جو کہ بھارت کا اٹوٹ حصہ ہے ، او آئی سی کا بیان غلط حقائق اور گمراہ کن حوالوں پر مبنی ہے ۔ سیٹھ نے مزید کہا کہ بھارت اس طرح کے بیانات اورحوالوں کو یکسر مسترد کرتا ہے ، او آئی سی کو بھارت کے داخلی امور میں مداخلت کا کوئی حق نہیں ہے ۔ ہم او آئی سی کو صاف الفاظ میں یہ مشورہ دیتے ہیں کہ وہ مستقبل میں اس طرح کے بیانات دینے سے گریز کرے ۔