شاہراہ پر گذشتہ دو روز سے بھاری ٹریفک جام مسافروں ،ملازموں طلبا کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا

دانش وانی
بانہال //جموں سرینگر شاہراہ پر جمعرات سہ پہر لگاٹریفک جام جمعہ کو بھی پورے دن جاری رہا۔بھاری ٹریفک جام لگ جانے کی وجہ سے ٹریفک پولیس کو جموں کی طرف آنے والے ٹریفک کو جواہر ٹنل کے مقام کشمیر کی طرف روکنا پڑا جبکہ کشمیر جانے والے ٹریفک کو چندرکورٹ کے مقام روک دیا گیا۔ ٹریفک پولیس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ شاہراہ کی تنگی ، فورلین کے تعمیری کام اوردو روز قبل اودہم پور اور رام بن کے مقام گر آئی پسیوں کی وجہ سے بہت زیادہ ٹریفک جمع ہو گیا تھا جسے اب ٹریفک پولیس نکالنے کی کوشیش کر رہا ہے۔ بانہال سے رام بن جانے والے ایک مقامی شخص شفیق احمد وانی نے بتایا کہ وہ بانہال سے اودہم پور ڈیوٹی کے لئے صبح چھ بجے نکلا تھا اور تین بجے کے قریب رام بن پہنچا۔ ا±نہوں نے کہا کہ بانہال سے رام بن کا دو گھنٹے کا سفر کر نے میں ا±سے نو گھنٹے کا وقت لگا۔ اس طرح سے ڈگڈول ، بیڑی جشمہ اور رام سو کے درمیان شاہراہ پر دونوں طرف سے گاڑیوں کی لمبی لمبی قطاریں لگی ہوئی نظر آرہی تھی۔ جام کو کھولنے کے لئے ٹریفک پولیس نے جگہ جگہ پر گاڑیوں کو روک لیا ہے اور جام کھولنے کا عمل شام دیر تک جاری تھا۔ بھاری ٹریفک جام کی وجہ سے شاہراہ پر سفر کر نے والے مسافروں ملازموں اور سکولی بچوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔