سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی قیادت والا گروپ ہفتہ کو سری نگر پہنچے گا

اڑان نیوز
سری نگر//سابق وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کی قیادت والا کانگریس پالیسی پلاننگ گروپ ہفتہ کے روز 2 روزہ دورے پرجموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر آئے گا، جہاں یہ گروپ مین اسٹریم سیاسی جماعتوں کے لیڈران کے علاوہ سماج کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والی مختلف وفود سے ملاقات کرے گا۔ کانگریس پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم من موہن سنگھ کی قیادت والا کانگریس پالیسی پلاننگ گروپ سری نگر میں مختلف وفود سے ملاقات کا سلسلہ دو دنوں تک جاری رکھے گا۔ گروپ نے گذشتہ ہفتے ریاست کی سرمائی دارالحکومت جموں کا دورہ کرکے وہاں کانگریس کی ایگزیکٹو میٹنگ میں پارٹی کے مقامی سینئر لیڈران سے تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ مختلف وفود بشمول جموں بار ایسوسی ایشن، چیمبر ایسوسی ایشن، کشمیری مہاجر، رفیوجی، ڈوڈہ مہاجر، اقلیتوں کی تنظیمیں (ایس سی، ایس ٹی)، پہاڑی زبان بولنے والوں کی آرگنائزیشن اور گوجر باڈی سے الگ الگ میٹنگیں کیں۔ اس گروپ میں سابق وزیراعظم کے علاوہ سینئر کانگریس لیڈر ڈاکٹر کرن سنگھ، سابق وزیر داخلہ پی چدمبرم، راجیہ سبھا میں اپوزیشن کے لیڈر غلام نبی آزاد، اے آئی سی سی کی جنرل سکریٹری امبیکا سونی اور ریاست کے تینوں خطوں کے کانگریسی لیڈران شامل ہیں۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سابق وزیر اعظم کی قیادت والے گروپ کو سری نگر میں ریاست کی موجودہ سیاسی و سیکورٹی صورتحال کے علاوہ یو پی اے حکومتوں میں شروع کئے گئے پروجیکٹوں میں پیش رفت کے بارے میں بھی آگاہی دی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ جموں وکشمیر میں پی ڈی پی بی جے پی حکومت اور مرکز میں بی جے پی حکومت معرض وجود میں آنے کے بعد پیدا شدہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ ذرائع نے بتایا کہ جموں کی طرح سری نگر میں بھی سماج کے مختلف طبقوں کی نمائندگی کرنے والی وفود سابق وزیر اعظم ڈاکٹر سنگھ سے ملاقات کریں گی اور انہیں ریاستی کی موجودہ صورتحال اور متعلقہ ایشوز کی جانکاری فراہم کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ کے اراکین ہفتہ کی شام کو نامہ نگاروں سے بات کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ گروپ کی آمد کے سلسلے میں سری نگر میں تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔