نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ برقرار سپریم کورٹ نے نظر ثانی کی درخواستیں ردکر دی

یو این آئی
اسلام آباد//پاکستان کی سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی پناما پیپرز کیس میں نا اہلی کے فیصلے کے خلاف دائر نظر ثانی کی درخواستوں کو آج کو خارج کردیا۔ عدالت عظمیٰ نے اس طرح نواز شریف کی نااہلی کا فیصلہ برقرار رکھا۔نظر ثانی کی درخواستیں نواز شریف ، ان کے بچوں حسن نواز، حسین نواز، کیپٹن (ر) صفدر اور سمدھی اسحٰق ڈار نے داخل کی تھیں۔ پناما پیپرز کیس میں فیصلہ سنانے والے پانچ رکنی بینچ نے ہی 28 جولائی کے فیصلے کے حوالے سے دائر نظر ثانی درخواستوں کی سماعت کی۔ اس بینچ کے دیگر ارکان میں جسٹس گلزار احمد، جسٹس اعجاز افضال، جسٹس عظمت سعید اور جسٹس اعجاز الاحسن شامل ہیں۔بینچ کے سربراہ جسٹس آصف سعید کھوسہ نے آج کے اپنے مختصر فیصلے میں کہا کہ نظر ثانی کی تمام درخواستیں خارج کی جاتی ہیں ۔ اس حوالے سے تفصیلی فیصلہ بعد میں جاری کیا جائے گا۔بینچ نے نظر ثانی کی درخواستوں پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ پہلے ہی محفوظ کرلیا تھا ۔ڈان کے مطابق عوامی مسلم لیگ رہنما شیخ رشید نے عدالت کے باہر نامہ نگاروں سے کہا کہ نواز شریف کے وکلا کوئی نئی دلیل پیش نہیں کرسکے اور وہ نظر ثانی درخواستوں کی سماعت کے دوران گڑھے مردے اکھاڑتے رہے ۔