ارنیہ سیکٹر میں گولہ باری بی ایس ایف اہلکار ہلاک ، شہری زخمی ساؤجیاں سیکٹر میں پاکستان کے 2اہلکار ہلاک کر نے کا دعویٰ

اڑان رپورٹر
جموں// آر ایس پورہ کے ارنیا سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب جموں ضلع کے ارنیہ سیکٹر میںپاکستانی فوج کی گولہ باری سے بارڈر سیکورٹی فورس کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا جبکہ ایک عام شہری بھی زخمی ہو گیا ۔بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 14اور 15ستمبر کی درمیانی شب پاکستانی رینجرس نے رات ایک بجکر7منٹ پر فائرنگ کا آغاز کیا جوابتدائی طور مختصر مدت تک جاری رہا اور اس دوران سرحد پار سے25سے30راؤنڈ فائر کئے گئے۔ذرائع نے بتایا کہ کچھ دیر کی خاموشی کے بعد فائرنگ میں اچانک شدت آئی اور سرحد پار سے بیک وقت نکووال، بدھوار، بولے چک ، ایس ایچ بہہ اور شاہناز نامی اگلی چوکیوں پر ہلکے اور بھاری ہتھیاروں سے گولہ باری کی گئی۔سرحدی حفاظتی فورس کے ایک آفیسر نے بتایا کہ فورس نے سرحد پار سے بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔ ذرائع کے مطابق دونوں طرف سے چھوٹے اور خواد کار اسلحہ کے علاوہ مارٹر گولوں کا بھی استعمال کیا گیا ۔ بی ایس ایف کا کہنا ہے کہ پاکستانی سرحدی حفاظتی دستوں نے کئی بھارتی چوکیوں کے علاوہ شہری آبادی کو بھی نشانہ بنایا اور اس دوران کئی رہائشی مکانوں پر بھی گولیاں لگیں۔ذرائع نے بتایاکہ پاکستانی رینجرس کی طرف سے شدید گولی باری کے نتیجے میں شہناز پوسٹ پر تعینات بی ایس ایف192بٹالین اے کمپنی سے وابستہ34سالہ کانسٹیبل بجندر بہادر ولد اشوک سنگھ ساکن اتر پردیش بری طرح سے زخمی ہوا۔اسے فوری طور پر ارنیا اسپتال منتقل کرنے کی کوشش کی گئی لیکن وہ راستے میں ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ بیٹھا۔ ذرائع نے بتایا کہ ایک گولی بائیں طرف اس کے پیٹ میں پیوست ہوئی تھی جس کے باعث جسم سے کافی مقدار میں خون بہہ جانے کی وجہ سے وہ جانبر نہ ہوسکا۔ذرائع نے مزید بتایافائرنگ کے دوران ارنیہ کے پوال نامی گاؤں میں37سالہ اجے کمار ولد رومیش کمار اس وقت زخمی ہو گیا جب وہ گھر کے باہر کھڑا تھا کہ پاکستانی رینجرز کی طرف سے چلائی گئی ایک گولی اس کی دائین ٹانگ میں لگ گئی ۔ اسے علاج کے لئے اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ذرائع نے بتایا کہ صبح سویرے جب فائرنگ کا سلسلہ تھم گیا تو پولیس اور بی ایس ایف کے کئی اعلیٰ افسران نے علاقے کا دورہ کرکے صورتحال کاجائزہ لیا۔ دریں اثنا بی ایس ایف نے دعویٰ کیا ہے کہ پونچھ سیکٹر میں پاکستانی فوج کی فائرنگ کے جواب میں بھرپور انداز میں کارروائی عمل میں لائی گئی جس کے نتیجے میں پاکستانی رینجرس کے 2اہلکار مارے گئے۔بی ایس ایف نے یہ اطلاع سماجی نیٹ ورک ٹویٹر کے ذریعے دیہے ۔قابلِ ذکر ہے کہ 13 ستمبر کو جموں کے پرگوال سیکٹر اور پونچھ کے ساؤجیاں سیکٹر میں گولہ باری کے تبادلہ کے نتیجہ میںبی ایس ایف کے2 اہلکار اور 3 عام شہری زخمی ہوگئے تھے ۔ 4 ستمبر کو بی ایس ایف کے اہلکاروں نے ارنیہ سیکٹر میں بین الاقوامی سرحد پردراندازی کی ایک کوشش کو ناکام بنانے کے دوران ایک درانداز کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔۔