پی ڈی پی ریاستی ترقی کی ضامن :سرتاج مدنی پہاڑی علاقوں کے عوام کے مسائل کا ازالہ حکومت کا ترجیحی ایجنڈا

پرتپال سنگھ
پونچھ//پی ڈی پی کے جنرل سیکریٹری سرتاج مدنی نے پارٹی کو ریست کی ترقی کی ضامن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ محض 3سال کے اندر حکو مت کی حصولیابیوں سے حزبِ اختلاف بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔پونچھ اور مینڈھر میں بدھوار کے روز پارٹی کارکنان و عہدیداروں کی میٹنگ سے خطاب کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہاڑی اضلاع اور حلقہ انتخاب حکومت کے ترقیاتی ایجنڈا کی ترجیح رہے ہیں اور جب کبھی پارٹی کو موقع ملا ، ان علاقہ جات کے لوگوں کو با اختیار بنانے کے لئے تمام سرکاری وسائل بروئے کار لائے گئے ۔ انہوں نے سابق وزیر اعلیٰ مرحوم مفتی محمد سعید اور موجودہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کی طرف سے لئے گئے متعدد فیصلوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پسماندہ علاقوں اور وہاں کے لوگوں کی ترقی کے لئے کوئی بھی دقیقہ فرو گزاشت نہیں کرے گی ۔انہوں نے لیہہ اور کرگل ہل ڈیولپمنٹ کونسلوں کا ذکر کیا اور کہا کہ پی ڈی پی نے ان علاقوں ی ترقی کے لئے جرات مندانہ اقدامات کئے ۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ریاست میں الگ ٹرائبل وزارت قائم کر کے معقول فنڈز اس کی صوابدید پر رکھے ۔ انہوں کہا کہ حکومت اسی طرح پہاڑی لوگوں کی ترقی و بہبود کے لئے بھی وعدہ بند ہے ۔سرتاج مدنی نے کہا کہ پونچھ رائولکوٹ اور اوڑی مظفر آباد کے راستے کھول کر پی ڈی پی نے واضح کر دیا ہے کہ وہ سرحدی علاقہ جات میں امن اور یہاں کے لوگوں کی بہبود و خوشحالی کی خواہاں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس ضمن میں مغل روڈ کا کھولا جانا بھی ایک اہم حصولیابی ہے ۔ انہوں نے پارٹی کارکنان سے تلقین کی کہ پونچھ کو وہ فتح کر چکے ہیں اور اب انہیں مہینڈر اور سرنکوٹ میں محنت کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہاں بھی اکثر لوگ ہماری پارٹی کے منشور و مقاصد سے واقیت حاصل۔اس موقع پر ان کے ہمراہ آئے وزیر برائے محکمہ دیہی ترقی، پنچائت راج و قانون عبدالحق خان بھی موجود تھے جنہوں نے پارٹی کارکنان کو متحد ہوکر عوامی مسائل حل کرنے کی ہدائت دی۔ انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کا ہر افسر عوامی خدمت کا جذبہ رکھتا ہے بشرطیکہ کہ یہ کام جائز اور قانونی ہوں ۔ سینئر پارٹی لیڈرا قبال حسین کاظمی نے اس موقع پر مینڈھر، سرنکوٹ اور پونچھ کے کئی عوامی مسائل اٹھائے جن میں کئی علاقوں میں سڑکوں کی ضرورت، پانی کی سپلائی ، بجلی کی فراہمہ وغیرہ شامل ہیں ۔ میٹنگوں میں پونچھ کے رکن اسمبلی شاہ محمد تانترے، رکن قانون ساز کونسل یشپال شرما، پارٹی ضلع صد پونچھ ر شمیم احمد ڈار، سینئر لیڈر معروف احمد خان شمیم گنائی، چوہدری جاوید اقبال، تنویر احمد ڈار و دیگران موجود تھے۔