شوپیاں کے گائوں میں جنگجو مخالف آپریشن کا آغاز چار دائروں والی سیکورٹی تعینات ، کولگام میں آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا

سرینگر//پہاڑی ضلع شوپیاں کے بند پاوا گائوں میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع ۔ معلوم ہوا ہے کہ سیکورٹی فورسز نے آس پاس علاقوں کوسیل کرکے جگہ جگہ پہرے بٹھا دئے ۔ دریں اثنا تاریگام کولگام میں جنگجو مخالف آپریشن کے دوران تشدد بھڑک اٹھا جس دوران مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے فورسز نے ہوائی فائرنگ کی ۔پولیس ذرائع کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہونے کے بعد 3آر آر ایس او جی شوپیاں نے بند پاوا گائو ں کو محاصرے میں لے کر بڑے پیمانے پر جنگجو مخالف آپریشن شروع کیا ۔ پولیس وفورسز کی بھاری جمعیت نے بند پاوا شوپیاں اور اُس کے ملحقہ علاقوں کو سیل کرکے فرار ہونے کے راستے سیل کر دئے جبکہ لوگوں کو گھروںمیں ہی رہنے کی تلقین کی گئی ۔ دفاعی ذرائع نے اسکی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ بند پاوا شوپیاں میں عسکریت پسندوں کی موجودگی کی اطلاع موصول ہونے کے بعد تلاشی آپریشن شروع کیا گیا ہے۔ دریں اثنا گزشتہ رات تاریگام کولگام میں اُس وقت تشدد بھڑک اٹھا جب سیکورٹی فورسز نے گائوں کو محاصرے میں لے کر گھر گھر تلاشی کاروائی شروع کی ۔ ذرائع کے مطابق جونہی فورسز اہلکار تاریگام کولگام میں نمودار ہوئے اس دوران نوجوان مشتعل ہوئے اور فورسز پر پتھراو کیا ۔ فورسز نے مشتعل ہجوم کومنتشر کرنے کیلئے ٹیر گیس شلنگ کی جس پر احتجاج کرنے والے مزید مشتعل ہوئے اور شدید خشت باری کی ۔ مقامی لوگوں کے مطابق فورسز نے نوجوانوں کو منتشر کرنے کیلئے کئی منٹوں تک ہوائی فائرنگ کی جس کی وجہ سے شوپیاں اور اس کے ملحقہ علاقوں میں سنسنی اور خوف ودہشت کا ماحول پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات کی طرف بھاگنے لگے۔ دیر رات تک فورسز اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے بعد فوجی آفیسران نے آپریشن کو موخر کیا ۔