’سوچھتا ہے سیوا ‘ قومی سطح کی صفائی مہم15ستمبرسے چیف سیکریٹری نے ڈپٹی کمشنروں کیساتھ ویڈیو کانفرنس میں جائزہ لیا

اڑان نیوز
سرینگر//چیف سیکرٹری بی بی ویاس نے کل قومی سطح کی صفائی مہم سوچھتا ہے سیوا جو کہ 15 ستمبر سے شروع کی جا رہی ہے اور 2 اکتوبر 2017 تک ریاست کے سبھی دیہی اور شہری علاقوں میں جاری رہے گی، کیلئے تیاریوں کا ریاست کے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کی ویڈیو کانفرنس کی صدارت کی ۔ مہم کے تحت 18 دن تک صفائی ستھرائی سرگرمیاں جاری رہیں گی اور اس میں تمام مرکزی وزارتیں ، ریاستیں شرکت کریں گی ۔ اس مہم میں عوامی نمائیندوں ، سرکاری ملازمین ، پولیس عملے ، ہوم گارڈز ، سکولی بچوں ، سماجی رہنماؤں اور شہریوں کو عملی طور شامل کیا جائے گا ۔ مہم کا مقصد صفائی ہر ایک کی ذمہ داری ہے کے تصور کو مستحکم بنا کر سوچھ بھارت ابھیان میں نئی جان ڈالنا ہے ۔ مہم کے تحت سرگرمیوں میں ہسپتالوں ، سکولوں ، پارکوں ، بس اڈوں ، سڑکوں کے کناروں ، تالابوں ، بیت الخلاء اور دیگر اہم مقامات بشمول جھیل ڈل ، زرعی منڈیوں اور بازاروں ، زیارت گاہوں اور سیاحتی مقامات بشمول گُلمرگ ، سونہ مرگ ، پہلگام ، پتنی ٹاپ کٹڑہ وغیرہ کی بڑے پیمانے پر صفائی ستھرائی یقینی بنانا ہے ۔ شہریوں ، پنچائیتوں ، میونسپل اداروں اور دیگر اداروں کے علاوہ سکولی بچے بھی صفائی سرگرمیوں میں اس 18 روزہ صفائی مہم میں شرکت کریں گے جو 2 اکتوبر کو گاندھی جینتی پر اختتام پذیر ہو گی ۔ چیف سیکرٹری نے ڈپٹی کمشنروں کو 15 ستمبر سے شروع ہونے والی سرگرمیوں کیلئے روزانہ کلینڈر مرتب کرکے میونسپل اداروں ، دیہی ترقی محکمہ ، پولیس محکمہ ، محکمہ تعلیم اور بنکوں کو اس مہم میں شامل کرنے کیلئے کہا ۔