طوفانی بارش سے ڈوڈہ ضلع کے دیہاتوں میں سیلابی صورتحال فصلیں تباہ، رابطہ سڑکیں وگلی کوچے زیر آب، رہائشی مکانات کو بھی پہنچا نقصان

محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ//اتوار کی صبح آئی طوفانی بارش کی وجہ سے ڈوڈہ ضلع کے ندی نالوں میں سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی جس کی وجہ سے مقامی لوگوں کو کافی پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کی صبح موسم کا مزاج اچانک بگڑ گیا اور طوفانی بارش شروع ہوئی جس کے نتیجے میں ڈوڈہ،بھدرواہ ، بھلیسہ وٹھاٹھری کے بالائی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوئی جس سے مقامی لوگ خوفزدہ ہو ئے۔جہاں سیلاب کا پانی لوگوں کے گھروں میں گھس گیا وہیں بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان پہنچا جبکہ قصبہ سے باہر کی سبھی اندرونی رابطہ سڑکیں زیر آب ہونے کے بعد کچھ دیر کے لئے ٹریفک نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ۔مقامی اطلاعات کے مطابق کئی مقامات پر سڑکیں پر مکمل طور تباہ ہو چْکی ہیں وہیں گھٹ نالہ ڈوڈہ میں بادل پھٹنے کی وجہ سے سنسنی پھیل گئی تاہم کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہ ہوئی تاہم بادل پھٹنے کی وجہ آئے سیلاب سے گھٹ اور ڈوڈہ کے بیچ کا رابطہ بھی کٹ گیا۔ اس دوران چار افراد نالے میں پھنس گئے جن کو مقامی لوگوں اور پولیس نے کڑی مشقت کے بعد بچا لیا ۔ذرائع کے مطابق لوگ حسب معمول گھٹ نالے میں پینے کا صاف پانی لانے گئے ہوئے تھے اور اچانک سیلاب کے پانی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا لیکن مقامی لوگوں نے رسّیاں باندھ کر اْن کو بچا لیا۔جبکہ انتظامیہ کی طرف سے سڑک کو مشین کے ذریعے بحال کرنے کا عمل بھی شروع کر دیا ۔ اس طرح ضلع کے مختلف تحصیل ہیڈ کواٹر سے آئی اطلاع کے مطابق سڑکوں کو بھاری پیمانے پر نقصان پہنچا ہے اور متعدد جگہوں سے لوگوں کے رہائشی گھروں میں سیلاب کا پانی بھر آنے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔اْدھر غنیکہ ڈوڈہ سڑک کو چاپ ناڑی کے مقام پر سیلاب امڈ پڑا اور سڑک کو تہس نہس سیلاب کی زد میں جو بھی آیا سب اپنے ساتھ بہا لیا بارش انتی طوفانی برسی کہ چند منٹوں کے اندر ہی چاروں طرف سیلابی صورت حال پیدا ہو گئی۔اس کے علاوہ تحصیل کاستی گڑھ کے منڈول گاؤں میں زبردست طوفانی صورت حال اْس وقت رونما ہوئی جب محکمہ پی ایم جی ایس وائی کے تحت زیر تعمیر سڑک سے پانی کے لئے نکاسی کا نا معقول انتظام کی وجہ سے سیلاب کا پانی سابقہ سرپنچ رشپال سنگھ ،نمبردار کلبھوشن سنگھ گندھرپ سنگھ کے رہائشی گھروں میں گھس گیا جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر مالی نقصان ہوا ہے جس میں راشن و دیگر گھریلو اشیاء تباہ ہوئی ہیں ۔پولیس پوسٹ کاستی گڑھ سب انسپکٹر فردوس احمد کے مطابق رہائشی مکانات میں سیلاب کا پانی گھسنے سے بڑے پیمانہ پر لوگوں کو مالی نقصان اٹھانا پڑا۔عوام نے متاثرہ علاقوں میں خصوصی ٹیمیں روانہ کرکے نقصانات کا تخمینہ لگا کر متاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔