وزیر داخلہ تازہ ’مشن کشمیر ‘ پر وارد ِ ریاست وزیر اعلیٰ سے’ ون ٹو ون‘ ملاقات تازہ سیکورٹی صورتحال سمیت کئی امور پر تبادلہ خیال ، وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج پروجیکٹ کا جائزہ لیا

کے این ایس
سرینگر// اپنے تازہ ”مشن کشمیر “ کے تحت مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ہفتہ کے روز غیر معمولی حفاظتی انتظامات بیچ ریاست کے 4روزہ دورے پر خصوصی طیارے کے ذریعے یہاں پہنچے ۔سرینگر ہوائی اڈے پر نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نر مل سنگھ ،حج واوقاف اور محکمہ ما ل کے وزیر عبد الرحمان کے علاوہ دیگر سینئر ریاستی انتظامیہ کے افسران نے ان کا استقبال کیا ۔ راج ناتھ سنگھ ہوائی اڈے سے سید ھے نہرو گیسٹ ہاﺅس پہنچے ،جہاں انہوں نے وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات کی جس میں کئی امورات زیر بحث آئے ۔ذرائع نے بتایا کہ کشمیر کی تازہ ترین سیکورٹی صورتحال ،این آئی اے مہم ، جنگجوﺅں سر گرمیوں کے علاوہ تعمیر وترقی کے امورات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ذرائع کے مطابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کو جموں وکشمیر کی مجموعی سیکورٹی صورتحال اور تعمیر و ترقی کے حوالے سے اٹھائے جارہے ہیں اقدامات کے حوالے سے آگاہ کیا جبکہ وادی میں قیام امن کے حوالے سے کی جارہی کوششوں سے متعلق بھی تفصیلات فراہم کیں ۔اس ملاقات کے دوران ایجنڈا آف الائنس پر عمل در آمد کا معاملہ بھی زیر بحث آیا ۔ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے جاری رہنے والی اس غیر معمولی میٹنگ کے دوران دیگر کئی امورات بھی زیر بحث لائے گئے ۔سرکاری پریس بیان میں کہا کہا گیا ہے کہ د ورانِ میٹنگ دونوں رہنماو¿ں نے ریاست کی کلہم صورتحال ، اتحاد کے ایجنڈا اور ریاست میں وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کی عمل آوری پر تبادلہ خیال کیا ۔ وزیر اعلیٰ نے ریاست میں سماج کے تمام طبقوں جنہیں ایجنڈا آف الائینس میں باقاعدہ طور تسلیم کیا گیا ہے ، تک پہنچنے کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے عوام کی ضروریات و مسائل کی اتحادی ایجنڈا میں نشاندہی کی گئی ہے اور اس کی عمل آوری میں سرعت لانے کی از حد ضرورت ہے ۔ دونوں قاعدین نے اتحادی ایجنڈا کی بروقت تکمیل کی ضرورت کو تسلیم کیا جس میں ریاست کو درپیش مسائل کے حل کیلئے واضح نقشہ راہ فراہم کیا گیا ہے ۔ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم ترقیاتی پیکج کے تحت مختلف پروجیکٹوں کیلئے رقومات کی باقاعدہ اور بروقت واگذاری کی بھی درخواست کی ۔ دورہ کشمیر کے پہلے ہی روز اپنی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں ’وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج ‘ پروجیکٹ کی عمل آوری کا جائزہ لیا ۔ مرکزی وزارت داخلہ نے اس میٹنگ کے حوا لے سے سماجی رابط ویب سائٹ ٹویٹر پر جانکاری دےتے ہوئے کہا کہ راج ناتھ سنگھ نے ایک میٹنگ میں ’وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج ‘ پروجیکٹ کا جائزہ لیا ۔ میٹنگ کی صدارت راج ناتھ سنگھ خود کررہے تھے جبکہ میٹنگ میں وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی ،نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ ،چیف سیکٹریٹری بی بی ویاس اور دیگر سیول انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی موجود تھے ۔ریاستی چیف سیکر یٹری بی بی ویاس نے راج ناتھ سنگھ کو ’وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج ‘ پروجیکٹ کی عمل آوری سے متعلق جانکاری فراہم کی ۔مرکزی وزارت داخلہ کے مطابق ’وزیر اعظم ترقیاتی پیکیج ‘ پروجیکٹ کی کل لاگت 80,068کروڑ روپے ہے جس کے تحت ریاست بھر میں63پروجیکٹوں کو ہاتھ میں لیا گیا ہے ۔اس حوالے سے سلسلہ وار ٹویٹ کر تے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ چنانی ۔ناشتری 4لین پروجیکٹ کو مکمل کرلیا گیا جس پر مجموعی پر 781کروڑ کی لاگت آئی ۔تباہ کن سیلاب2014کے دوران تباہ شدہ رہائشی مکان کی دوبارہ تعمیر ی پروجیکٹ 1200کروڑ کے ساتھ مکمل ہوا ۔ ان کا کہناتھا کہ مرکزی حکومت نے پہلے ہی62599کروڑ روپے جوکہ کل رقومات کا78فیصد ہے ،واگزار کیا ہے۔میٹنگ کو بتایا گیا کہ 15 مرکزی وزارتوں کے ذریعے پی ایم ڈی پی کے تحت 63 پروجیکٹ ہاتھ میں لئے گئے ہیں جن کی عمل آوری کیلئے 39 تعمیری ایجنسیوں کو متعین کیا گیا ہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ ان پروجیکٹوں میں سے قریبا 80 فیصد پروجیکٹوں کو باقاعدہ منظوری حاصل ہوئی ہے ۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ پیکج کے تحت مختص کی گئی رقم میں سے پ21988 کروڑ روپے اب تک واگذار کئے گئے ہیں اور 5 پروجیکٹ پہلے ہی پروگرام کے تحت مکمل ہو چکے ہیں جبکہ 7 پروجیکٹ تکمیل کے قریب ہیں ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ زیر تعمیر پروجیکٹوں میں سے 22 سڑک پروجیکٹ شامل ہیں جن میں سرینگر اور جموں کیلئے نیم دائرہ سڑک پروجیکٹ ، کرگل ۔ زانسکار سڑک ، اودھمپور ۔رام بن اور قومی شاہراہ کے رام بن ۔بانہال کی سڑک کے حصے تکمیل کے مختلف مراحل میں ہیں ۔ میٹنگ کو مطلع کیا گیا کہ جموں میں آئی آئی ایم نے عارضی اکامت میں کام شروع کیا ہے جبکہ نار کرہ بڈگام میں بھی ادارے کے کیمپس میں کام شروع ہوا ہے ۔ اسی طرح آئی آئی ٹی جموں نے بھی جموں میں کام شروع کیا ہے اور ان دونوں اداروں کیلئے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کا کام شروع کیا گیا ہے جبکہ اے ایم آر یو ٹی کے تحت 59 پروجیکٹوں میں سے 56 پروجیکٹوں کے مفصل پروجیکٹ رپورٹ منظور کئے گئے ہیں جن میں 27 پروجیکٹوں پر کام شروع ہو چکا ہے ۔ حمایت پروگرام کے تحت ریاست میں آنے والے پانچ برسوں کے اندر ایک لاکھ نوجوانوں کو تربیت فراہم کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جن کیلئے روز گار کی فراہمیکیلئے تجارتی اداروں کے ساتھ رابطہ قایم کیا گیا ہے اور 10 ضلع صدر مقامات پر انڈور سٹیڈیم تعمیر کئے جا رہے ہیں ۔ عمل آوری کیلئے اٹھائے جا رہے 11 پروجیکٹوں میں چند اہم پروجیکٹ بشمول 5100 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے جموں ۔ اکھنور ۔ پونچھ سڑک پروجیکٹ ،1800 کروڑ روپے کا سرینگر ۔ شوپیاں ۔ قاضی گنڈ سڑک پروجیکٹ اور مختلف سیاحتی منازل کیلئے 2700 کروڑ روپے کی مالیت کا 105 کلو میٹر طویل سڑک پروجیکٹ شامل ہیں ۔ مرکزی سیکرٹری داخلہ گوبے ، ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ بی آر شرما اور ریاستی انتظامیہ کے انتظامی سیکرٹری میٹنگ میں موجود تھے ۔ مرکزی وزیر داخلہ نے عام لوگوں اور سیول سائٹی کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ بھی شروع کرد یا ،جس کے دوران وہ نہرو گیسٹ ہاﺅس سرینگر میں ہاﺅس بوٹ اونرس ایسوسی ایشن اور ہوٹل اینڈ رستوران ایسوسی ایشن کے زعما سے ملاقی ہوئے ۔وفود نے اُنہیں کئی مسائل کی طرف توجہ مبذول کرائی ۔اس دوران نوجوان تاجروں اور فن کاروں کا ایک وفد بھی راج ناتھ سنگھ سے ملاقی ہوا۔راج ناتھ سنگھ اپنے دورے کے دوران ریاستی گو رنر این این ووہرا کے علاوہ فوج ،پولیس اور فورسز کے اعلیٰ افسران سے وادی کی سیکورٹی صورتحال کا مزید جائزہ لیں گے جبکہ وہ مختلف سیاسی پارٹیوں ،ٹریڈرس نمائندوں اور سیول سائٹی گروپوں کے ساتھ بھی تباد لہ خیال کریں گے۔