بھدرواہ میں دو روزہ سیاحتی میلے کا پریا سیٹھی کے ہاتھوں افتتاح کہاوزیر اعلی محبوبہ مفتی بھدرواہ کے سیاحتی شعبہ کو مزید فروغ دینے کے لئے کوشاں

ماجد ملک
بھدرواہ // بھدرواہ ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے منعقد دو روزہ سیاحتی میلے کا افتتاح ریاستی وزیر مملکت پریا سیٹھی نے کیا جبکہ اس موقع پر ایم ایل اے بھدرواہ دلیپ سنگھ پریہار ، سی ای او بی ڈی اے بالکرش وانتظامیہ کے دیگر آفیسران بھی موجودتھے۔گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری اسکول بوئز بھدرواہ میں منعقد تقریب میں بھاری تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ وزیر مملکت پریا سیٹھی نے اس موقع پر بولتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلی محبوبہ کی ہدائت پر کہ وہ میلے میں شریک ہوئی ۔ وزیرموصوف نے بتایا کہ اس برس بھدرواہ میں پہلی مرتبہ 4 لاکھ سیاح ملک کے مختلف علاقوں سے آئے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بھدرواہ کے سیاحتی شعبہ کو مزید فروغ بنانے کی خاطر کئی نئے پروجیکٹوں کو منظوری دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے پتنی ٹاپ وبھدرواہ میں سیاحتی شعبہ کے لئے 90کروڑ روپے صرف کرنے کا اعلان کیا ہے ۔وزیر مملکت نے بتایا کہ جلد ہی یہ رقم محکمہ سیاحت کو واگذار کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بھدرواہ چھتر گلہ ٹنل کی تعمیر بھی شروع ہونے والی ہے جبکہ بنی سے ڈوڈہ تک سڑک کو ہائی وے کا درجہ دیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سابقہ وزیر اعلی کا بھدرواہ کو لے کر جو مقصد اور خواب تھا اس کو ہر حال میں پورا کیا جائے گا ۔ایم ایل اے بھدرواہ نے بتایا کہ پورے خطہ چناب میں بھدرواہ واحد ایک سیاحتی مقام بن کر ابھر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھدرواہ کی تعمیر کے لئے مختلف سیاحتی مقامات تک سڑکیں تعمیر کی جا رہی ہیں اور اسی برس بھدرواہ سے گندو کی سڑک کی تعمیر مکمل ہوگی ۔انہوں نے وزیر مملکت سے مانگ کی کہ بھدرواہ کی ڈویولپمنٹ اتھارٹی کو سالانہ رقم میں اضافہ کیا جائے اور سیاحتی مقام پدری میں سیاحوں کے ٹھہرنے کے لئے ہٹ تعمیر کئے جائیں جبکہ بجلی پانی وغیرہ کا بھی انتظام کیا جائے ۔سی ای او بی ڈی اے نے مہمانوں کا استقبال کیا اور سالانہ رپوٹ پیش کی جبکہ مقامی انتظامیہ کے تمام اعلی آفیسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔میلے میں ملک بھر سے آئے ہوئے200کلاکار شرکت کر رہے ہیں ۔