روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی … ریاست بھر میں احتجاج خطہ چناب میں بند ، جموں و خطہ پیر پنچال میں احتجاج

اڑان نیوز
جموں // برما ( میانمار ) میں بدھ فرقہ پرستوں و فوج کے ہاتھوں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور بے انتہا مظالم کے خلاف جمعہ کو یوم یکجہتی منایا گیا جس کے دوران صوبہ جموں کے تمام اضلا ع میں بعد نماز جمعہ احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔ اس دوران خطہ چناب کے کئی قصبات میں ہڑتال بھی کی گئی جس کی کال مقامی تنظیموں ے دے رکھی تھی ۔ علما و خطبا ٔ نے خطہ جمعہ دوران میانمار میں روہنگیا مسلم اقلیت کے ساتھ روا رکھے گئے ظلم و ستم اور عالمی برادری کے خاموش تماشائی بنے رہنے کی پر زور مذمت کی ۔ انہوں نے عالمی برادری ، بالخصوص مسلم ممالک پر زور دیا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھیں اور میانمار کے مظلوم ترین مسلمانوں کی مدد کے لئے آگے آئیں ۔ اس دوران عالمی برادری سے اپیل کی گئی کہ وہ روہنگیائی مسلمانوں کی سلامتی اور تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے فوراً سے پیشتر عملی اقدامات اٹھائے ۔نماز جمعہ کے بعد مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے بھی ہوئے جن میں میانمار کے فرقہ پرستوں اور فوج اور اقوام متحدہ کے خلاف نعرے لگائے گئے ۔ مقررین نے امریکہ اور یوروپی ممالک کی بے حسی پر تعجب کا اظہار کیا کہ کہا عراق ، افغانستان ، لیبیا اور دیگر کئی ممالک کو محض مفروضوں کی بنیاد پر تاراج کر دیا گیا جبکہ میانمار میں فوج اور فرقہ پرستوں کے وحشی پن کے خلاف کچھ نہیں کیا جا رہا ہے ۔ سرمائی دارالحکومت جموں میں جامع مسجد کھٹیکاں تالاب ، جامع مسجد استاد محلہ ، جامع مسجد ریلوے اور بھٹنڈی اور دیگر تما م مساجد میں بعد نماز جمعہ مظاہرے کئے گئے اور روہنگیائی مسلمانوں ے ساتھ یک جہتی کا اظہار کیا گیا ۔ استاد محلہ اور گوجر نگر علاقہ میں نمازِ جمعہ کے بعد احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں جن میں بڑی تعداد میں لوگوں نے سڑکوں پر نکل کر میانمارکے فرقہ پرستوں کے خلاف نعرے بازی کی ۔ جموں شہر کے مضافاتی علاقوں ، اودہم پور ، کٹھوعہ ، ریاسی اضلاع میں بھی شہر و دیہات کی مساجد میں خطبہ جمعہ کے دوران ائمہ و خطبا نے روہنگیائی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف عالمی برادری کی بے حسی کی مذمت کی ۔ اس موقع پر خصوصی دعائیں بھی مانگی گئیں ۔خطہ چناب میں مقامی تنظیموں کی کال پر کچھ قصبات میں مکمل ہڑتال کی گئی ۔ ضلع ڈوڈہ کی بھدرواہ سب ڈویژن میں انجمن ِ اسلامیہ اور بھلیسہ سب ڈویژن میں بھلیسہ یو نائیٹڈ کی کال پر مکمل ہڑتال ہوئی جس کے دوران تمام کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک بھی بہت کم چلا ۔ نماز جمعہ کے بعد زبر دست مظاہرے ہوئے جس میں میانمار حکومت اور اس کے حامی ملکوں کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ ضلع کشتواڑ میں جامع مسجد کے ام و خطیب فاروق حسین کچلو نے بند کی کال دے رکھی تھی ۔ اس پر لبیک کہتے ہوئے قصبہ اور ضلع کے دیگر چھوٹے قصبوں و دیہات میں مکمل ہڑتال ہوئی ۔ کشتواڑ قصبہ میں نمازِ جمعہ کے بعد زبر دست جلو س نکالا گیا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کی ۔ ضلع رام بن کے بانہال اور گول قصبوں میں مکمل ہڑتال کی گئی جبکہ رام بن ، بٹوت اور چندر کوٹ ، رام سو اور دیگر قصبات و دیہات میں مظاہرے کئے گئے ۔ قصبہ دوڈہ میں چناب گروپ آف سول سوسائٹیز کی زیر سربراہی زبر دست جلوس نکالا جس میں ہزاروں لوگوں نے شرکت کر کے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف زور و جبر کی مذمت کی ۔ خطہ پیر پنچال میں انجمنِ جعفریہ پونچھ ، انجمن اہل سنت و لجماعت پونچھ اور دیگر دینی تنظیموں کی قیادت میں پورے ضلع پونچھ میں احتجاجی مظاہرے ہوئے ۔ ضلع کے سرنکوٹ ، منڈی ، مینڈھر ، بالا کوٹ ، من کوٹ ورن ، ساتھرہ ، چنڈک دیگر علاقوں میں نماز جمعہ کے بعد مساجد سے جلوس بر آمد ہوئے جس کے دوران میانمار کی نسل پرست و فرقہ پرست حکومت و فوج کے خلاف نعرے بازی کی گئی ۔ راجوری میں ضلع صدر مقام کی مختلف مساجد میں خصوصی دعائیہ مجالس کا اہتمام کیا گیا جس کے دوران میانمار کے روہنگیا اور دنیا کے دیگر ممالک میں مصائب جھیل رہے مسلمانوں کے ھق میں دعائیں مانگی گئیں ۔ نمازِ جمعہ کے بعد مساجد سے جلوس برآمد ہوئے ۔ ضلع کے تھنہ منڈی ، درہال ، کوٹرنکہ ، بدھل ، منجہ کوٹ میں بھی بھاری جلو س نکالے گئے جس میں میانمار حکومت اور اقوام متحدہ کے خلاف نعرے بلند کئے گئے ۔ کالاکوٹ اور نوشہرہ کے علاوہ ضلع کے تمام دیہی علاقوں میں بھی بعد نماز جمعہ ہرے ہوئے ۔