شیخ محمد عبداللہ کی برسی پر نیشنل کانفرنس کشتواڑ نے پروقار تقریب کا کیا انعقاد کچلو کی قیادت میں پارٹی کارکنوں نے مرحوم کو شاندار الفاظ میں پیش کیا خراج،روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ کیا ہمدردی کا اظہار

ذوالفقار علی
کشتواڑ // نیشنل کانفرنس ضلع کشتواڑ کے دفترمیں ایک پُروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جسمیں سینکڑوں کارکنوں نے شرکت کر کے پارٹی کے بانی شیخ محمد عبداللہ کو اُن کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا۔سابق وزیر و ایم ایل سی سجاد احمد کچلو کی قیادت میں منعقد تقریب میںصوبائی نائب صدر وسابق ایم ایل اے قاضی جلال الدین ،صوبائی جنرنل سیکرٹیری امیتاز احمد زرگر، یوتھ ضلع صدر فاروق احمد دیو و دیگر اہم کارکنان نے شرکت کی۔ شیر کشمیر شیخ محمد عبداللہ کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے سجاد احمد کچلو نے کہا کہ انہوں نے ریاست کی سالمیت کو برقرار رکھنے وریاستی عوام کو اُن کے حقوق دلانے کی خاطر کئی قربانیاں پیش کیں۔انہوں نے کہا کہ مرحوم شیخ عبداللہ نے محاذ رائے شماری کا نعرہ لگا کر علاقائی ، سیاسی ، مذہبی ولسانی بنیادوں سے با لا تر ہو کرعوام کو یکجٹ ساتھ چلا یا۔کچلو نے کہا کہ مرحوم شیخ محمد عبداللہ کی قربانیوں کو عوام کبھی نہیں بھول سکتی ہے۔نیشنل کانفرنس رہنما نے موجودہ دور میں مچی افرا تفری پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بھاجپا وپی ڈی پی کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ ان دونوں جماعتوں نے ریاست وملک میں فرقہ پرستی کو فروغ دے کر سماج میں نفرت وانتشار پھیلا کر آپسی بھائی چارہ کو ٹھیس پہنچانے کی جو مہم چلائی ہے اُ س سے ہر گز برداشت نہیں کیا جائیگا۔کچلو نے برما میں روہنگیا ئی مسلمانوں پر ڈھائے جارہے مظالم پرغم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری کی خاموشی پر حیرانگی کا اظہار کیا ۔انہوں نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ بر ما میں معصوم وبے گناہ مسلمانوں پرہورہے ظلم وستم کا سنجیدہ نوٹس لے کر میانمار حکومت کو جوابدہ بنایا جائے۔انہوں نے پارٹی کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ہند ومسلم بھائی چارہ کو مزید مستحکم بناتے ہوئے ایسی فرقہ پرست طاقتوں سے خبردار رہیں جو اپنے ذاتی مفادات کی خاطر عوام کو مذہبی بنیادوں پر تقسیم کر کے سماج میں بد امنی پھیلانے کی کوشیش کرتے ہیں ۔کچلو نے پارٹی کی مضبوطی پر بھی زور دیتے ہوئے ورکروں سے اپیل کی کہ وہ نیشنل کانفرنس کی پالیسیوں کو گھر گھر پہنچا کر پارٹی کو مضبوط بنائیں۔