سری نگر//نیشنل کانفرنس نے جنوبی کشمیر کے قصبہ ترال میں ہوئے گرینیڈ حملے میں عام شہریوں کی ہلاکت پر زبردست تشویش اور گہرے صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اس واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ پارٹی کے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ تشدد اور مار دھارڈ کسی بھی مہذب قوم کی نشانی نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس روز اول سے ہی تشدد کے خلاف اور عدم تشدد کی حامی جماعت رہی ہے اور یہ جماعت کسی بھی قسم کے خون خرابے کی مذمت کرتی آئی ہے ۔علی محمد ساگر نے کہا کہ ایک انسان کا قتل ، ساری انسانیت کے قتل کے برابر ہے، اور ایک انسان کو جان کا تحفظ دینا، ساری انسانیت کو تحفظ دینے کے برابر ہے۔لیکن موجودہ دور میں ریاستی عوام عدم تحفظ کے شکار ہیں کیونکہ حکمرانوں نے اپنی آنکھوں پر پٹی باندھ کر رکھی ہے۔انہوں نے مارے گئے شہریوں کے لواحقین کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کیا اور زخمی ہوئے افراد کی فوری صحت یابی کے لئے دعا کی۔ انہوں نے حکومت سے اپیل کی کہ زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معالجہ فراہم کیا جائے۔