محمد اصغر بٹ
ڈوڈہ//ضلع ڈوڈہ کے اندر پہلے انڈور سپورٹس سٹیڈیم کا رکن اسمبلی ڈوڈہ شکتی راج پریہار نے سنگِ بنیاد رکھا ۔ شکتی راج پریہار نے کہا انڈور سپورٹس سٹیڈیم کو کْل 3.82 کروڑ کی لاگت سے تعمیر کیا جائے گا جو یہاں کے نوجوانوں کے اندر ہنر کو سامنے لانے کے لئے انتہائی مفید ثابت ہو گا اور یہاں کا کھلاڑی ریاستی و ملکی سطح پر اپنے جوہر دکھا سکتا ہے۔واضح رہے کہ سپورٹس اسٹیڈیم ڈوڈہ کے ساتھ میں ہی انڈور سٹیڈیم کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔اس موقع پر بولتے ہوئے شکتی پریہار نے کہا کہ یہ ڈوڈہ کے عوام کے لئے بہت بڑی کامیابی ہے اور باالخصوص کھیل کود کے شائقین کے لئے انتہائی خوش آئند قدم ہے جہاں کھلاڑیوں کو کرکٹ، سمیت دوسرے کھیلوں کے ساتھ ساتھ انڈور کھیل کھیلنے اور دیکھنے کا موقع فراہم ہو گا اور یہ قصّبہ کے اندر پہلا انڈور سٹیڈیم ہو گا پریہار نے مزید کہا کہ ہم نے اس کو منظوری دلانے کے ساتھ ساتھ رقومات کو بھی واگزار کر دیا ہے اور امید ہے کہ جلد از جلد اس کی تعمیر کا کام بھی شروع ہو جائے گا۔اْنہوں نے متعلقہ تعمیراتی ایجنسی سے کام میں سرعت لاکر جلد از جلد سٹیڈیم کی تعمیر مکمل کرنے کی تلقین کرتے ہوئے دیگر محکمہ جات اور عوام سے تعاون فراہم کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کام مقررہ وقت سے قبل ہی مکمل کر لیا جائے۔پریہار کے ہمراہ قصّبہ کے معزز شہریوں کے علاوہ متعلقہ ایجنسی کا عملہ بھی موجود تھا۔