جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی ملازمین کی تادم مرگ بھوک ہڑتال جاری

جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی ملازمین کی تادم مرگ بھوک ہڑتال جاری
مطالبات پورا ہونے تک ہڑتال جاری رکھنے کا انتباہ
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی ایمپلائز یونین کی تادم مرگ بھوک ہڑتال جاری ہے۔ ملازمین نے انتباہ دیا ہے کہ جب تک ان کے دیرینہ مطالبات پورے نہیں ہوتے بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔یونین صدر اشوک سنگھ جموال 17اگست صبح سے بھوک ہڑتال پر ہیں ،18اگست کی شام کو انہیں طبیعت ناساز ہونے پر گاندھی نگر اسپتال منتقل کیاگیا تھا۔ اس کے بعد رینٹ کلکٹر سبھاش سنگھ نے بھوک ہڑتال شروع کر رکھی ہے۔ یونین نے اپنے مطالبات پر مبنی ایک میمورنڈم صوبائی کمشنر جموں کو بھی بھیجا ہے۔ یہ ملازمین دیگر محکموں بشمول بلدیات، میونسپل کارپوریشن، مکانات وشہری ترقی کی طرز پر SRO-43کے تحت مستحقین کی تعیناتی عمل میں لانے کامطالبہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایاکہ ایسے کئی جے ڈی اے ملازمین جن کی دوران ِ ملازمت موت ہوگئی ،ان کے کنبہ جات 10یا اس سے زائد سالوں سے انصاف کے لئے در بدر ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔ ملازمین ڈی پی سی کر کے خالی پڑی اسامیوں کو پر کرنے، جے ڈی اے میں خزانہ عامرہ کے ہورہے غلط استعمال پر روک لگانے، ڈیلی ویجروں، کنسالیڈیٹیڈ اور صفائی کرمچاری ملازمین جوکہ پچھلے کئی برسوں سے اپنی خطاب انجام دے رہے ہیں، کو مستقل کرتے وقت عمر اور قابلیت میں رعایت دینے کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔ بورڈ آف ڈائریکٹر کی طرف سے مخصوص10فیصد کوٹہ میں سے جموں ڈولپمنٹ اتھارٹی کے ملازمین کو پلاٹ دینے، دوسرے محکموں سے ڈیپوٹیشن پر آئے افسران کو پنشن تعاون ودیگر رعایت نہ دینے، جموں ڈولپمنٹ تھارٹی ملازمین کی ترقی اور فلاح کے لئے بھرتی قواعد ترتیب دینے ، عدالت عالیہ کی ہدایات کے مطابق جے ڈی اے کو منتقل کی گئی اراضی کی حد بندی اور اس پر ہورہے ناجائز قبضہ کو روکنے کی مانگیں کر رہے ہیں۔ یاد رہے کہ جے ڈی اے ملازمین نے پہلے بھی ایک ماہ کے زائد عرصہ تک طویل ہڑتال کی تھی، جے ڈی اے وائس چیئرمین ودیگر حکام نے ان کے مطالبات کو حل کرنے کا یقین دلایاتھا لیکن کافی عرصہ گذر جانے کے بعد کوئی پیش رفت نہ ہونے پر ملازمین دوبارہ سے ہڑتال پر چلے گئے ہیں۔