صوبہ جموں میں بجلی اور پانی کی ہاہاکار

 

صوبہ جموں میں بجلی اور پانی کی ہاہاکار
پینتھرز پارٹی ،ڈوگرہ فرنٹ اور شیو سینا کارکنان واہلیان جموںسراپا احتجاج
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//سرمائی راجدھانی جموں ، مضافات اور دیگر میدانی علاقہ جات میں پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور بجلی کی غیر علانیہ طویل کٹوتی کے خلاف جمعہ کو متعدد سیاسی جماعتوں کے کارکنان نے جموں میں سرکار مخالف احتجاج کیا۔جموں وکشمیرنیشنل پینتھرز پارٹی کارکنان نے چیئرمین ہرشدیو سنگھ کی قیادت میں پریس کلب کے باہر احتجاج کیا۔ انہوں نے مخلوط سرکار کے خلاف زور دار نعرہ بازی کی۔ ہرشد یو سنگھ نے کہاکہ پورے صوبہ جموں بالعموم اور خاص طور سے سرمائی راجدھانی جموں میں بجلی کی غیر علانیہ کٹوتی کی جارہی ہے جس سے گرمی میں لوگوں کا جینا دو بھر ہوکر رہ گیا ہے۔ گرمی سے بوڑھے، بچے، مرد وخواتین ہرکوئی پریشان حال ہے۔ انہوں نے بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ صوبہ جموں کے لوگوں کا مسیحی ہونے کا دعویٰ کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی لوگوں کے تئیں کتنی مخلص، دیانتدار اور سنجیدہ ہے ، اس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایاجاسکتا ہے کہ یہاں لوگوں کو پانی، بجلی، راشن جیسی بنیادی سہولیات دستیاب نہیں، باقی ترقی اور انصاف کی فراہمی کیا خاک ہوگی۔؟ہرشدیو سنگھ نے حکومتی وانتظامی عہدادران پر زور دیاکہ بجلی وپانی کی فراہمی کو یقینی بنایاجائے ۔دریں اثناءڈوگرہ فرنٹ اور شیو سینا ورکروں نے بھی صدر اشوک گپتا کی قیادت میں پی ایچ ای، پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں بطور احتجاج پنکھے بھی اٹھائے ہوئے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کی اُمس اور گرمی سے لوگوں کا جینا محال ہے۔ لوڈ شیڈنگ، بار بار جبلی کٹوتی سے لوگوں کا جینا مشکل ہے۔ 18سے20گھنٹے بجلی کاٹی جارہی ہے۔ بجلی نہ ہونے سے پانی سپلائی بھی بے حدمتاثر ہے کیونکہ زیادہ تر پانی سپلائی موٹروں/پمپوں کے ذریعہ ہوتا ہے جوکہ بجلی پر چلتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کٹوتی کے علاوہ جموں کے بیشتر مقامات میں اچانک بجلی تیز یا کم ہونے کا سلسلہ جاری ہے جس سے بجلی کا سازوسامان ٹی وی، فریج، اے سی وغیرہ کے جلنے کی اطلاعات ہیں۔ مظاہرین میں لال سنگھ، کرشن، گرداس، بلبیر ، راجو، لال چند، بنٹو، رام پال، انیل، سریش ، ارجن، رگہوبیر، کرن، اجے ، سبھاش، ابھشیک وغیرہ بھی شامل تھے۔ادھر مختلف علاقوں کے لوگوں نے بھی پریس کلب میں جمع ہوکر محکمہ بجلی کے خلاف نعرہ بازی کی۔