سانبہ میں دلدوز میٹا ڈور حادثہ 2 طلبا سمیت4 ہلاک

سانبہ میں دلدوز میٹا ڈور حادثہ
2 طلبا سمیت4 ہلاک
32زخمی،17نازک حالت میں جموں منتقل
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//ضلع سانبہ میں چلیاڑی ۔سانبہ سڑک پرپیش آئے ایک دلخراش سڑک حادثہ میں2 طلباسمیت4مسافر ہلاک جبکہ32دیگر زخمی ہوگئے۔17زخمیوں کو نازک حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں ریفر کیاگیا جہاں ان کا علاج چل رہاہے۔ذرائع کے مطابق چلیاڑی سے سانبہ جارہی میٹاڈور زیر نمبرJK08A-4547رکھ امب ٹالی کے مقام پر ، جہاں کچھ ہی دوری پرفوجی یونٹ بھی ہے، ڈرائیور کے کنٹرول سے باہر ہوکر سڑک سے لڑھک گئی ۔یہ حادثہ صبح8:15 بجے فوجی یونٹ کے گیٹ سے کچھ دوری پر پیش آیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق میٹاڈور میں بیشترطلبا اور مزدور سوار تھے۔حادثہ کے فوری بعد فوجی یونٹ کے جوان وہاں پہنچ گئے اور زخمیوں کو تباہ شدہ بس سے باہر نکالنا شروع کیا۔ اس دوران خبر ملتے ہی پولیس اور بڑی تعداد میںمقامی لوگ بھی وہاں پہنچ گئے اور بچاﺅ و راحت کارروئیاں شروع کر دیں ۔ زخمیوں کو ضلع اسپتال سانبہ منتقل کیاگیا جن میں سے 3کو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ مرنے والوں میںایک کالج طالبہ 21سالہ مہک دختر کالی سنگھ ساکنہ چلیاڑی سانبہ ، سکولی طالب علم15سالہ جانو ولد بلبیر سنگھ سکنہ خانوال سانبہ اور ایک فیکٹری مزدور 27سالہ پریم ولد اجیت کمار ساکن سرتیاں شامل ہیں ۔ ایس ایس پی سانبہ انیل مگوترہ ضلع اسپتال سانبہ پہنچے اور وہاں پر زخمیوں کو فراہم کئے جارہے علاج ومعالجہ کی دیکھ ریکھ کی۔ چونکہ ضلع ہسپتال میں سی ٹی سکین سہولت دستیاب نہ تھی ، اس لئے 32میں سے 17زخمیوںکو گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال جموں منتقل کیاگیا جبکہ باقی ضلع اسپتال سانبہ میں زیر علاج ہیں۔ زخمیوں کی شناخت 19سالہ پلوی شرما دختر مہندر شرما ساکنہ چچھوال،21سالہ دامنی دختر جھنکار سنگھ ساکنہ منگو چک، 42سالہ کشور کمار ولد بنارسی داس ساکنہ چچھوال ، 19سالہ شوبھم سنگھ ولد سراب سنگھ ساکنہ چھچھوال ، 33سالہ کوشلیا دیوی زوجہ چرن داس ساکنہ پلوڑہ، 17سالہ موہت شرما ولد مدن لال ساکنہ سرتیاں، 29سالہ اومیش ولد کنج لال ساکنہ ریہاڑیاں،19سالہ شیوانی دختر دھرب سنگھ ساکن سرتیاں، 21سالہ دکشا دختر بلبیر سنگھ سکنہ خانوال،20سالہ کاجل دیوی دختر دلیپ سنگھ ساکنہ چھچھوال، 22سالہ منیشا دختر سریندر کمار ساکنہ نڈالہ،28سالہ اشوک کمار ولد سودھی سنگھ ساکنہ تالگڑھ، 24سالہ بیر سنگھ ولد سردار سنگھ ساکنہ چھچھوال،28سالہ پرشانت کمار ولد رام پرساد ساکنہ چھچوال، 19سالہ شیو جنگریال دختر ترسیم لال ساکنہ سرتیاں،27سالہ سنیل سنگھ ولد رچھپال سنگھ ساکنہ پلوڑہ، 22سالہ شالو دیوی دختر سنسارسنگھ ساکنہ سرتیاں، 20سالہ گریما سمبیال دختر سبھاش سنگھ ولد ریہاڑیاں اور 17سالہ یوراج سنگھ ولد بلدیو سنگھ ساکنہ چچھوال شامل ہیں ۔عینی شاہدین کے مطابق یہ حادثہ تیز رفتاری، اوورلوڈنگ اور ڈارائیوڑکی لاپرواہی وبے احتیاطی سے گاڑی چلانے کے سبب پیش آیا۔کالج طالبہ پلوی شرما نے جائے حادثہ پر صحافیوں سے بات کرتے ہوئے بتایاکہ حادثہ ڈرائیور کی لاپرواہی سے پیش آیا ہے کیونکہ میٹاڈور کچھاکھچ سواریوں سے بھری تھی اور ڈرائیور ا سے تیز رفتاری سے چلارہاتھا۔ حادثہ کے بعد مقامی لوگوں نے غم وغصہ کا اظہار کرتے ہوئے چچھوال ، سانبہ سڑک پر رکاوٹیں کھڑی کر کے دھرنا بھی دیا اور انتظامیہ مخالف نعرہ بازی کی۔ انہوں نے کہاکہ اوورلوڈنگ معمول بن گیا ہے اور ٹریفک پولیس اہلکار ڈرائیوروں سے ماہانہ انٹری فیس لیکر انہیں اوورلوڈنگ اور تیز رفتاری کی کھلی چھوٹ دے دیتے ہیں جس سے قیمتی جانیں تلف ہورہی ہیں۔حادثہ کے بعد ڈرائیوار فرار ہوگیا ہے ۔اس سلسلہ میں پولیس نے معاملہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہے۔آخری اطلاعات ملنے پر ایک شخص زخموں کی تاپ نہ لاتے ہوئے گورنمنٹ میڈیکل کالج جموں میں دم توڑ بیٹھا جس سے مرنے والوں کی کل تعداد4پہنچ گئی۔