15اگست سے قبل جموں میں سخت ترین حفاظتی انتظامات

 

15اگست سے قبل جموں میں سخت ترین حفاظتی انتظامات
شہر میں داخل ہونے والی تمام گاڑیوں و مسافروں کی تلاشی ، پولیس ، نیم فوجی دستوں کے ا ضافی دستے تعینات
پورے صوبہ میں سیکورٹی ہائی الرٹ ، سرحدی علاقوں میں چوکسی بڑھائی گئی
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//15 اگست کو بھارت کے 70ویں یومِ آزادی اور جم اشٹمی کے سلسلہ میں سرمائی دارالحکومت سمیت پورے صوبہ جموں میں سخت ترین حفاظتی انتظامات کئے گئے ہیں۔ سرحدی کشیدگی اور خفیہ ذرائع کی طرف سے ممکنہ جنگجوانہ حملہ کے انتباہ کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں کو ہائی الرٹ پر رکھاگیاہے جبکہ فوج ، نیم فوجی دستوں،پولیس اور انٹیلی جنس ایجنسیوں کو غیر معمولی چوکسی برتنے کی ہدایات ہیں۔ بالخصوص قومی شاہراہ ، بین الاقوامی سرحد اور لائن آف کنٹرول پر پوری چوکسی برتنے کی ہدایات دی گئی ہیں تاکہ در اندازی کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنا یاجاسکے۔15اگست کے سلسلہ میں صوبہ میں سب سے بڑی تقریب جموںمیں منعقد ہوگی ۔ اس سلسلہ میں منی سٹیڈیم کو پہلے ہی سیکورٹی فورسز نے اپنی تحویل میں لے رکھا ہے۔ تمام اہم سرکاری دفاتر، تنصیبات اور حساس مقامات پر سی آر پی ایف، آرمڈ پولیس اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے ۔ علاوہ ازیں سادہ لباس میں سیکورٹی اہلکار شہر کے مختلف علاقوں میں گردش کر کے حالات پر قریبی نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ریلوے اسٹیشن، بس اڈہ جموں، ائر پورٹ ستواری، ٹرانسپورٹ نگر نروال، سبز منڈی، رگھوناتھ مندر، سول سیکریٹریٹ ، پریڈ گراو¿نڈ، مولانا آزا د اسٹیڈیم کے آس پاس کے علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی طرف سے خصوصی تلاشی مہم بھی چلائی گئی ہے۔ واضح ر ہے کہ گذشتہ دنوں ریلوے سٹیشن سے ایک لاوارث بیگ بھی ملا تھا جس کے بعد ریلوے پولیس نے اسٹیشن پر خصوصی تلاشی کارروائی بھی چلائی تھی۔ہوٹلوں، ریستورانوں پر بھی اچانک شبانہ چھاپے مار کر وہاں ٹھہرے لوگوں سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے جب کہ شبانہ گشت بڑھا دی گئی ہے۔ اس دوران کھوجی کتوں کے خصوصی سکواڈبھی استعمال میں لائے جارہے ہیں۔سر مائی دارالحکومت کے تمام داخلی اور خارجی پوائنٹس پر خصوصی ناکے لگائے گئے ہیں جہاں پر ہر آنے وجانے والی گاڑی کی باریکی سے تلاشی لی جارہی ہے جب کہ مسافروں سے بھی پوچھ تاچھ ہورہی ہے۔ گوجر نگر پل، پنج تیرتھی، سدھڑا بائی پاس، باہو فورٹ بائی پاس، کنجوانی، ڈگیانہ، فلائی منڈال، کینال روڈ، مٹھی، تالاب تلو، دومانہ وغیرہ میں خصوصی ناکے قائم ہیں جہاں پر چیکنگ کی جارہی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حالات پر نظر رکھنے کے لئے سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب کئے گئے ہیں جب کہ شرپسندوں پر نظر رکھنے کے لئے ڈرون کا بھی استعمال عمل میں لایاجارہاہے۔قابلِ ذکر ہے کہ گذشتہ دنوں جموں خطہ کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے فوج، نیم فوجی فورسز، ریاستی پولیس اور سراغ رساں ایجنسیوں کے اہلکاروں کی منعقدہ مشترکہ میٹنگ میں خصوصی ناکے لگانے اور مشتبہ عناصر کی نقل وحرکت پر نظر رکھنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔تمام ضلع پولیس افسران کو تلقین کی گئی ہے کہ وہ قوی شاہراہ پر طے شدہ نظام کے مطابق گشت کو یقینی بنائیں اور سرحدی علاقوں میں خصوصی نظر رکھیں تاکہ سرحد پار سے در اندازی کے امکانات کو ختم کیاجاسکے۔ ذرائع نے بتایاکہ 14اور15اگست کے دوران ماحول کو خراب کرنے کی کوششوں کی خفیہ اطلاعات کے مدنظر پونچھ، راجوری اور ڈوڈہ کشتواڑ اضلاع میں اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔ جموں میں 15اگست کی سب سے بڑی تقریب پریڈ گراو¿نڈ میں منعقد ہوگی جہاں پر نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ قومی جھنڈا لہرائیں گے اور پریڈ پر سلامی لیں گے ۔ اس کے علاوہ ضلع صدور مقامات پر منعقد ہونے والی سرکاری تقریبات میں ریاستی کابینہ وزرا اور وزرا مملکت جھنڈا لہرانے کی رسم ادا کریں گے۔ ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کے لئے فائر سروسز اور طبی سہولیات کا بھی معقول انتظام کیاگیاہے۔ اس کے علاوہ شہر جموں میں ٹریفک نظم ونسق بہتر بنانے اور رکاوٹیں کھڑی کرنے کے لئے بھی تیاریاں کی گئی ہیں۔آئی جی پی جموں زون ڈاکٹر ایس ڈی سنگھ جموال نے پولیس اور سیکورٹی فورسز کی طرف سے کئے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بتایاکہ وہ کسی بھی صورتحال سے نپٹنے کے لئے تیار ہیں۔