یو اےن آئی
سری نگر//انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میںسری نگر میں چھاپہ مار کاروائیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے جمعرات کو ایک مقامی کاروباری شخص کی رہائش گاہ اور اُن کی جانب سے چلائی جارہی ٹیور اینڈ ٹراول ایجنسی کے دفتر پر چھاپہ مار کر وہاں موجود دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔ اس سے قبل ای ڈی نے 6 اگست کو ایک چھاپہ مار کارروائی کے دوران سری نگر میں محمد اسلم وانی نامی شخص کو اپنی حراست میں لیا۔ اسلم وانی کو فوری طور پر نئی دہلی منتقل کیا گیا تھا جہاں ایک عدالت نے انہیں 14 اگست تک ریمانڈ پر ای ڈی کے حوالے کردیا۔ ذرائع نے بتایا کہ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی ایک ٹیم نے جمعرات کو یہاں مقامی کرائم برانچ کے اہلکاروں کے ہمراہ کاروباری شخص عاشق احمد شیخ کی رہائش گاہ اور کاروباری دفتر پر چھاپہ مارا اور تلاشی لی۔ انہوں نے بتایا ’ای ڈی اور مقامی کرائم برانچ کے اہلکاروں نے عاشق احمد کی بالائی شہر احمد نگر میں واقع رہائش گاہ اور سیول لائنز میں مولانا آزاد روڑ پر واقع الخدام ٹیور اینڈ ٹراول دفتر پر چھاپہ مارا‘۔ انہوں نے بتایا ’تلاشی کاروائی کے دوران دونوں جگہوں پر موجود دستاویزات کی جانچ پڑتال کی گئی اور کاروباری دفاتر کے ملازمین سے پوچھ گچھ کی گئی‘۔ خیال رہے کہ سری نگر میں گذشتہ دو مہینوں کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے علاوہ قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے) نے بھی چھاپہ مار کاروائیاں انجام دیں۔ جہاں ای ڈی منی لانڈرنگ یا حوالہ کیس ، وہیں این آئی اے ٹیرر فنڈنگ کیس کی تحقیقات کررہی ہیں۔ دونوں ایجنسیوں نے گذشتہ ماہ کم از کم 8 علیحدگی پسند لیڈران کو حراست لیکر نئی دہلی منتقل کیا جہاں اُن سے پوچھ گچھ کا سلسلہ جاری ہے۔ ان ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ علیحدگی پسند لیڈر حوالہ رقومات اور مختلف ممالک بالخصوص پاکستان سے ہونے والی ٹیرر فنڈنگ کے ذریعے کشمیر کے حالات بگاڑ رہے ہیں۔