ٹروما ہسپتال رام بن حکومت کی عدم توجہی کا شکار پندرہ برس قبل تعمیر کی گئی عمارت آوار کتوں ومویشیوں کے اڈہ میں تبدیل ، محکمہ صحت خاموش تماشائی

ابرار سوھل
رام بن // ضلع صدر مقام قصبہ رام بن میں قائم ٹروما ہسپتال گذشتہ 15برسوں سے نامکمل ہے جبکہ متعلقہ محکمہ وتعمیراتی ایجنسی اس عمارت کو پائے تکمیل پہنچانے میں ناکام ہوئے ہیں ۔2002میں کروڑو ں روپے کی لاگت سے منظور ہوئی ٹروما ہسپتال کی عمارت آوارہ کتوں ومال مویشیوں کا ٹھکانہ بن گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق جموں سرینگر قومی شاہراہ پر بڑھتے ہوئے سڑک حادثات کے پیش نظرصدر مقام قصبہ رام بن میں ٹروما ہسپتال کومنظوری دے کر تعمیر کا کام بڑے شد و مد سے شروع ہواہسپتال اور دو منزلہ شاندار عمارت بھی مکمل کی گئی۔ مرکزی وزارت صحت و خاندانی بہبودی نے ہسپتال کے لئے قیمتی مشینری ساز و سامان بہم کرنے کے علاوہ مرکزی معاونت سے ٹروما ہسپتال کے لئے 2ماہر سرجن، 2ماہر ادویات ، 6 میڈیکل آفیسروں کے علاوہ تکنیکی نیم طبی عملہ اور لیبارٹریوں کے عملہ فراہم کرنے کے خصوصی فنڈس واگذار کرنے کے لئے بھی حامی بھر لی تھی۔ شہریوں کا الزام ہے کہ وادی کشمیر میں قاضی گنڈ اور صوبہ جموں میں منظور اور تعمیر کئے گئے ہسپتال گذشتہ کئی سالوں سے برابر کام کر رہے ہیں لیکن اسکے برعکس رام بن کا ٹروما ہسپتال موجودہ وقت میں نجی گاڑیوں کی پارکنگ ،آوارہ مویشیوں اور کتوں کے ٹھکانے میں تبدیل ہو چکا ہے۔ریاستی محکمہ صحت اور خاندانی بہبود ی کے اعلیٰ آفیسران اور ناظم صحت صوبہ جموں نے مبینہ طور اس ہسپتال کے لئے کبھی بھی عوامی شکایات کو سنجیدگی سے لینے اور مناسب کاروئی کرنے کے بجائے معاملے کو پس و پشت ڈال رہے ہیں۔ کچھ شہریوں کا الزام ہے کہ بر سر اقتدار ریاستی سرکاروں اور محکمہ صحت صوبہ جموں کے آفسروں نے صحت جیسے اہم شعبے کو موجودہ ضروریات اور عوام کی خواہشات کے بر عکس جان بوجھ کر نظر انداز کر تے ہیں جسکی وجہ سے قومی شاہراہ پر واقع یہ ہسپتال گذشتہ 15سالوں سے کام کرنے کے لایق نہیں بن سکا۔ نیشنل کانفرنس کے صوبائی نائب صدر و سابقہ ممبر اسمبلی ڈاکٹر چمن لعل نے اڑان کو بتایا کہ موجودہ مرکزی و ریاستی حکومتیں اپنے نام کی تختیاں لگوانے کے لئے نئے اعلانات کر کے سستی شہرت کمانے میں مصروف ہے جبکہ پہلے سے قایم مراکز عملہ کی قلت کی وجہ سے بیکار پڑے ہوئے ہیں اور کئی عمارتیں استعمال میں نہ لائے جانے کی وجہ سے کھنڈرات میں تبدیل ہو نے جا رہی ہیں ۔ انہوں نے سرکار سے مطالبہ کیا ہے کہ انتہائی اہمیت کا حامل ضلع ہسپتال و ٹروما ہسپتال رام بن میں ڈاکٹروں کو تعینات کر کے ان میں کام کاج کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کریںبصورت ضلع کی عوام احتجاج پر اتر آئے گی