محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی میں کوشاں بھلیسہ کے گلی بھٹولی میں عبدالحق خان نے عوامی جلسہ سے کیا خطاب،پارٹی کارکنان متحد ہو جائیں۔محبوب اقبال

اشتیاق ملک
گندوہ// محبوبہ مفتی کی قیادت میں قائم مخلوط حکومت ریاست کے دوردراز و پسماندہ علاقوں کی تعمیر وترقی کے لئے کوشاںہے، مرکزی وریاستی سرکار نے سماج کے بچھڑے وغریب طبقہ کے لئے کئی فلاحی اسکیموں کا قیام عمل میں لایا ہے ، انتظامیہ ان اسکیموں کی عمل آوری کو یقینی بنانے و غریب لوگوںکو فائدہ پہنچانے کی خاطر گائوں سطح پر بیداری پروگرام منعقد کرے ،ان باتوں کا اظہار وزیر برائے دیہی ترقی پنچائتی راج وقانون و انصاف عبدالحق خان نے ڈوڈہ ضلع کی سب ڈویژن گندوہ کے دور دراز علاقہ گلی بھٹولی میں ایک عوامی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی ڈی پی ریاستی جنرل سیکریٹری شیخ محبوب اقبال ، اے سی ڈی ڈوڈہ اخترقاضی ، ایس ڈی ایم گندوہ دل میر چوہدری،ضلع صدور ڈوڈہ وکشتواڑ شہاب الحق بٹ ، ایڈوکیٹ شیخ ناصرکے علاوہ انتظامیہ کے آفیسران وپارٹی کے کئی سرکردہ لیڈر موجود تھے۔تفصیلات کے مطابق خطہ چناب کے چار روزہ دورے کے دوران وزیر موصوف نے پیر کے روز کشتواڑ ، درابشالہ ، ٹھاٹھری ، کاہرہ ، باتھری ، بھٹیاس ، ملکپورہ ، چلی ، سنوارہ میں تعمیری کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے آفیسران کو ہدائت دی کہ وہ منریگا ، آئی اے وائی ، بی آر جی ایف ودیگر فلاحی اسکیموں میں شفافیت لا کر مستحق وغریب لوگوں کو فائدہ پہنچائیں ۔خان نے آفیسران وملازمین کو انتباہ دیا کہ جو بھی آفیسر یا ملازم فلاحی اسکیموں میں بے ضابطگی کرے گا اس کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔علاوہ ازیں وزیر موصوف نے گزشتہ دنوں ٹھاٹھری میں بادل پھٹنے سے ہوئے نقصانات کا بھی جائزہ لیا اور جاں بحق ہوئے افرادکے لواحقین کو فی کس چار لاکھ روپے بطور ریلیف تقسیم کیا۔دریں اثناء وزیرموصوف نے گلی بھٹولی میں ایک عوامی اجتماع سے مخاطب ہوتے ہوئے سرکار کی حصولیابیاں بیان کرتے ہوئے کہا کہ محبوبہ مفتی کی قیادت میں حکومت تینوں خطوں کی یکساں ترقی کی متمنی ہے ۔انہو ں نے کہا کہ دوردراز علاقوں میں بنیادی سہولیات بہم پچانا سرکار کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔اس موقع پر پی ڈی پی ریاستی جنرل سیکریٹری محبوب اقبال نے کارکنوں پر زور دیا کہ وہ پارٹی کی مضبوطی کے لئے کام کریں ۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی واحد ایک ایسی جماعت ہے جو زمینی سطح پر عام لوگوں کے ساتھ برابر جڑی ہے ۔انہوں نے ورکروں سے اپیل کی کہ وہ آپسی تال میل کے ساتھ پی ڈی پی کی پالسیوں کو گھر گھر پہنچائیں۔اس دوران زونل صدر اندروال طالب حسین بٹ ، فرید احمد وانی ، محمد اقبال بٹ ، سجاد حسین ملک ، مشتاق احمد زرگر ، چوہدری غلام رسول ، نذیر احمد کچلو ، محمد اسحاق ملک ودیگر کئی کارکن موجود تھے۔