بانہال میں ڈائٹ کی طرف سے بیٹی بچائوبیٹی پڑھاو کے موضوع پر سمینار کا انعقاد

????????????????????????????????????

دانش محمد
بانہال// ڈائٹ انسٹیچوٹ بانہال کی طرف سے عدنان ماڈل اکیڈمی میں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھائو کے موضوع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ضلع رام بن کے مختلف اسکولوں سے تعلق رکھنے والے بچوں نے شرکت کی۔اس موقع پر تحصیلدار شفیق احمد وانی مہمان خصوصی کے طور پر موجود تھے جبکہ اْن کے علاوہ پرنسپل ڈائٹ شام لعل بھگت ،زونل پلانگ آفیسر موجود تھے ۔پروگرام میں سینئر صحافی محمد تسکین اور شیخ ریاض احمد پرنسپل عدنان ماڈل اکیڈمی مہمان ذی وقار کے طور پر تقریب میں موجود تھے۔اس موقع پر مقررین نے بیٹی کی اہمیت اور اس کی پڑھائی پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ بیٹی کی پرورش اور اس کو بہتر تعلیم فراہم کر نا والدین کا فرض ہے ۔اْنہوں نے کہا کہ آج کے اس جدید دور میں بیٹی کسی سے کم نہیں ۔اْنہوں نے کہا کہ کچھ لوگ بیٹوں کو بیٹیوں پر فوقیت دیتے ہیں اور بیٹیوں کو نظر انداز کرتے ہیں جو کہ قابل افسوس ہے۔مقررین نے کہا کہ آج کی بیٹی کل کی ماں ہے اور اگر بیٹی کو بہتر تعلیم سے آراستہ کیا جائے تو وہ پورے سماج کو بہتر تعلیم و تربیت فراہم کر سکتی ہے ۔اْنہوں نے مزید کہا کہ ایک بہتر سماج کو وجود میں لانے کے لئے بیٹی کی اچھی پرورش کرنا ہم سب کا فرض ہے اور کسی بھی صورت میں بیٹی کو نظر انداز کرنا سماج کے لئے ایک بڑا خطرہ بن سکتا ہے ۔اْنہوں نے مزید کہا کہ کچھ لوگ بیٹی کوحقیر نظر سے دیکھ کر ماں کے پیٹ میں ہی انہیں مار ڈالتے ہیں ۔مقررین نے کہا کہ ہمیں اپنے ضمیر کو جگانے کی ضرورت ہے اور سماج میں بیٹیوں کے لئے کھڑی کی جا رہی مشکلات کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنا ہو گا ۔ مقررین نے کہا کہ بیٹی کو سماج میں اْس کا مقام دلانا سماج کے ہر فرد پر فرض ہے اور اسی سے ہم ایک بہتر معاشرہ اور سماج کو وجود میں لا سکتے ہیں ۔اس موضوع پر بولنے والے طالب علموں میں عالم شاہ کانوینٹ انسٹیچوٹ کی طالبہ میمونہ شکیل اور گورنمنٹ گرلز ہائر سکینڈری سکول کی زرکا نبی نے اول پوزیشن حا صل کی ، نیو کانوینٹ سیکنڈری سکول کی طالب علم مہر النساء اور عدنان ماڈل اکیڈمی بانہال کی فضا امتیاز نے دوسری پوزیشن حاصل کی جبکہ تیسری پوزیشن ہائی سکول چنجلو بانہال کی طاہرہ بانو اور ہائر سکینڈری سکول بانہال کے اسرار احمد نے حاصل کی ۔اس موقع پر سمینار میں حصہ لینے والے طالب علموں میں انعامات تقسیم کئے گئے اور سند سے نوازا گیا ۔