پبلک سرو س کمیشن پرجموں کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی کا الزام

پبلک سرو س کمیشن پرجموں کے نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی کا الزام
کشمیریوں کو ترجیحی دی جارہی ہے، چیئرمین اور ممبران کیخلاف مقدمہ درج کیاجائے:بار
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//جموں وکشمیر ہائی کورٹ بار ایسو سی ایشن جموں نے ریاستی گورنر این این ووہراہ پرزور دیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ جموں وکشمیرپبلک سروس کمیشن کی طرف سے پُر کی جانے والی اسامیوں میں کشمیر اور جموں صوبوں کے تعلیم یافتہ بے روزگار نوجوانوں کو یکساں حصہ ملنا چاہئے۔یہاں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں بار صدر بی ایس سلاتھیا نے جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کی طرف سے کشمیری نوجوانوں کو ترجیحی دینے کی وجہ سے صوبہ جموں کے نوجوانوں میں غم وغصہ ہے ، جن کواہلیت کے باوجود سلیکٹ نہ کیاگیا ، یہ ایک تشویش کن امر ہے ۔سلاتھیہ نے الزام لگایاکہ اب صورتحال یہ ہوگئی ہے کہ کشمیر صوبہ کے نوجوان 80سے90فیصد اسامیوںپر قبضہ کر رہے ہیں جس میں پروفیسر بھی شامل ہیں جبکہ جموں کے نوجوانوں کے ساتھ نا انصافی ہورہی ہے جوکہ سخت ذہنی طور پریشان حال ہیں۔ صورتحال کی سنگین ہونے کے انداز ہ یہاں سے لگایاجاسکتا ہے کہ مخلوط حکومت کے حصہ پروفیسر وریندر گپتا نے بھی جموں وکشمیر پبلک سروس کمیشن کے کام کاج بارے کھل کر بیان دیا۔ اگر چہ یہ حیران کن تھا، مگر یہ بی جے پی قیادت کا واضح اعتراف تھاکہ موجودہ حکومت جموں کے نوجوانون کو انصاف فراہم کرنے میں ناکام رہی ہے۔ سلاتھیہ نے بی جے پی کی ریاستی قیادت کے اس بیان پر حیرانگی کا اظہار کیا جس میں کہاگیا ہے کہ گورنمنٹ میڈیکل کالج میں چند پوزیشنوں پر اکثریتی برادری کے ممبران کا قبضہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ ایک جمہوری اور سیکولر ملک میں سبھی کو یکساں مواقعے ملنے شاہئے۔ انہوں نے جموں نشین سیاسی قیادت پر زور دیاکہ وہ جموں کے لوگوں اور نوجوانوں کو انصاف فراہم کرنے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کریں ، بصورت دیگر ان کے خلاف سخت موقف اختیار کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ بارایسو سی ایشن جموں غیر سیاسی تنظیم ہے لیکن وہ جموں کے تعلیم یافتہ نوجوانوں کے ساتھ ہورہی نا انصافیوں اور صوبہ کے عوام کے ساتھ امتیازی پالیسیوں پر خاموش نہیں بیٹھے گی۔انہوں نے پبلک سروس کمیشن کی طرف سے مختلف اسامیوں کی بھرتیوں میں کی گئی دھاندلیوں پر کمیشن چیئرمین اور ممبران کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی مانگ کی۔ پریس کانفرنس میں نائب صدر سچن گپتا، نائب صدر پریم سدوترہ، جنرل سیکرٹری ہمانشو شرما، جوائنٹ سیکریٹری چیتن شرما، سی ایم شرما،پون مینی، روپندر سنگھ، روپ لال، زاہد سرفراز ملک، سرجیت سنگھ اندوترہ، راجیش تھاپا، خالد مصطفی بھٹی، روہن نندا، جاوید قریشی، آچل شرما، امرجیت چرگوترہ، اتول رینہ ، وکاس پنکج، ابھشیک وزیر، یوگیش سنگھ، راجیو چرگوترہ، بھنو پرتاپ سنگھ، نتن بخشی، کمل مگوترہ، پریانشو شرما، عثمان صدیقی، بھنو سلاتھیہ، سوربھ شرما، ساہل گپتا، ترون گپتا، آشش کانت شرما، ارجن مینگی وغیرہ بھی موجود تھے۔