جموں میں 53ملی میٹر بارش،درجہ حرارت میں گراوٹ نکاسی کے ناقص نظام کی وجہ سے پائیں علاقوں میں پانی بھر گیا

 

جموں میں 53ملی میٹر بارش،درجہ حرارت میں گراوٹ
نکاسی کے ناقص نظام کی وجہ سے پائیں علاقوں میں پانی بھر گیا
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//سرمائی دارالحکومت سمیت صوبہ بھر میں موسلا دھار بارش سے عام زندگی متاثر رہی ۔ دن بھر وقفہ وقفہ سے ہوئی بارش کی وجہ سے جموں شہر کے بازاروں میں بھیڑبھاڑ نہ ہونے کے برابر رہی جبکہ سڑکوں پر چلنے والی گاڑیوں کی تعداد بھی معمول سے بہت کم رہی اور زیادہ تر لوگ اپنے گھروں تک محدود رہے۔ اگرچہ لوگوں کو بارش کی وجہ سے مرطوب موسم سے راحت ملی لیکن پائیں شہر کے علاقوں میں پانی سڑکوں اور گلیوں میں تالابوں کی صورت اختیار کرنے کے علاوہ گھروں کے اندر داخل ہو گیا ۔ جیول چوک، کینال روڈ، تالاب تلو، پرانے یونیورسٹی کیمپس و دیگر علاقوں لوگوں کو کافی مشکلات کا سامنا کر نا پڑا ۔ نالیاں کوڑا کرکٹ سے بھری ہونے کے باعث بارش کا سارا پانی سڑکوں پر آگیا جس سے جیول اور کینال روڈ پر سڑکیں بڑے تالابوں میں تبدیل ہوگئی۔ ان علاقوں میں نکاسی کا معقول انتظام نہ ہونے کی وجہ سے گندہ پانی دوکانوں اور لوگوں کے گھروں میں داخل ہو گیا ۔ جی جی ایم سائنس کالج روڈسے متصل محلہ میں گھر میں داخل پانی کو بالٹی سے نکال رہی چرنجیت کور نے بتایاکہ جب کبھی بارش ہوتی ہے ، اس علاقہ میں پانی گھروں کے اندر داخل ہو جا تا ہے ۔ انہوں کہا کہ سڑک کے کنارے بنی نکاسی نالیوں کی کبھی صفائی ہی نہیں کی جا تی جس کی وجہ سے ہر بار بارش کے دوران لوگوں کا نقصان ہو تا ہے کیونکہ پانی گھروں کے اندر داخل ہو کر سامان تباہ کر دیتا ہے ۔ کئی لوگوں نے میونسپل کارپوریشن کے خلاف نعرہ بازی بھی کی اور الزام لگایاکہ ادارہ ان کی مشکلات کو حل کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہا ہے ۔ شہرکے نواحی علاقہ جات قاسم نگر ، راجیو نگر، رحیم نگر، بٹھنڈی، باغ باہو میں بھی گندہ پانی لوگوں کے گھروں اور دکانوں میں داخل ہو جانے سے نقصان ہوا۔ واضح رہے کہ قاسم نگر اور راجیو نگر علاقہکبھی ایک نالا تھا جس پر لوگوں نے مکانات تو تعمیر کر لئے لیکن پانی کی نکاسی کا کوئی انتظام نہ ہونے کی وجہ سے ہر بار بارش میں مکینوں کو مشکلات سے گذرنا پڑتاہے۔ ڈگیانہ، گنگیال، تریکوٹہ نگر، گریٹرکیلاش اورسینک کالونی میں بھیبارش کا پانی جمع ہو کر لوگوں کے گھروں میں داخل ہونے کی اطلاعات ہیں ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں میں بدھوار کو دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 28.1ڈگری سیلسیس رہاجوکہ معمول سے 7ڈگری کم تھا۔ رات کاکم سے کم درجہ حرارت24عشاریہ6ڈگری سیلسیس رہا۔ اس دوران جموں میں دن بھرکل53.0ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 95رہا۔ ایک روز قبل یعنی منگل وار11جولائی کو جموں میں دن کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت33.7ریکارڈ کیاگیاتھا۔بانہال میں دن کازیادہ سے زیادہ درجہ حرارت21.7، بٹوت میں 21.0، کٹرہ میں25.6اور بھدرواہ میں 21.5ڈگری س سیلسیس رہا۔محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق محکمہ 13اپریل کو بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے ۔اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت25ڈگری اور کم سے کم درجہ حرارت23ڈگری سیلسیس رہے گا۔