3289یاتروں کا جتھہ پہلگام روانہ

3289یاتروں کا جتھہ پہلگام روانہ
الطاف حسین جنجوعہ
جموں//غیر ریاستی یاتریوں کی ہلاکت کے خلاف ’جموں بند کال‘کے باوجود بھگوتی نگر یاتری نواس سے 3,289یاتریوں پر مشتمل جتھہ کشمیر کے لئے روانہ ہوا۔ ذرائع کے مطابق منگل کی صبح185گاڑیوں پر سوار یاتری امرناتھ گپھا میں درشن کے لئے روانہ ہوئے۔ پیر کی شام کو اننت ناگ میں کراس فائرنگ کے دوران اننت ناگ ضلع کے کھنہ بل میں گجرات سے تعلق رکھنے والے زائرین کی بس زد میں آگئی تھی جس دوران یہ ناخوشگوار واقعہ پیش آیا ۔ اس بس کو نہ ہی سیکورٹی تھی اور نہ ہی یہ شری امرناتھ شرائین بورڈ سے رجسٹرڈ شدہ تھی۔ واضح رہے کہ پیر کی شام کو اس واقعہ کے بعد جموں میں ایک اعلیٰ سطحی انتظامی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں حملہ کے باوجود یاترا کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیاگیاتھا۔ ڈی سی جموں راجیو کمار راجنن نے بتایا”یاترا کو جاری رکھنے کے حوالہ سے ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں تفصیلی بحث کے بعد یہ فیصلہ کیاگیاکہ یاترا جاری رہے گی اور منگل کی صبح یاتریوں کا نیا جتھہ وادی کشمیر کی طرف روانہ کیاجائے گا“