پاکستانی شیل لگنے سے میاں بیوی جاں بحق 3کمسن بچیاں زخمی ، پونچھ حدِ متارکہ پر کھڑی کر ماڑہ گاﺅں میں دلدوز واقعہ آبائی گاﺅں چھونگاں مینڈھر میں دونوں پہلو بہ پہلو دفن ، علاقہ میں ماتم

پرتپال سنگھ
پونچھ // پونچھ سیکٹر میں حدِ متارکہ پرکھڑی کرماڑہ گاﺅں میں ہفتہ کی صبح پیش آئے ایک دلدوز واقع میں پاکستانی فوج کی طرف سے داغے گئے ایک شیل کی زد میں آکر میاں بیوی جاں بحق جب کہ ان کی کمسن بچیوں سمیت 4افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ یہ واقع صبح ساڑھے 6بجے کے قریب پیش آیا جب بھارت اور پاکستانی افواج کے درمیان گولہ باری کا تبادلہ شروع ہو گیا ۔پولیس کے مطابق اس دوران ایک شیل محمد شوکت ولد محمد شرےف کے گھر پر آکر گرا اور زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا ۔ اس وقت محمد شوکت (عمر 37سال ) اپنی اہلیہ صفیہ بی( عمر 30سال ) اور 4بچیوں کے ساتھ رسوئی میں بیٹھ کر ناشتہ کر رہا تھا ۔ شیل کے ٹکڑے لگنے سے دونوں میاں بیوی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ چاروں بچیوں کو زخمی حالت میں ضلع ہسپتال پونچھ پہنچایا گیا ۔ بچیوں کی شناخت 12سالہ روبینہ بی ، 6سالہ زاہدہ کوثر اور نازیہ کو ثر کے طور پر ہوئی ہے۔ محمد شوکت فوج کی پنجاب رجمنٹ 156ٹی اے سے وابستہ تھا اور راجوری کے پلما علاقہ میں تعینات تھا ۔ وہ 20رمضان کو عید منانے کے لئے چھٹی پر گھر آیا ہو تھا ۔ زخمی بچیوں کا پونچھ ضلع ہسپتال میں علاج چل رہا ہے ۔ ہسپتال میں زخمیوں بچیوں کے پہنچائے جانے کی اطلاع ملتے ہی اسسٹنٹ کمشنر اشرف چوہدری،تحصےلدار جہانگےر حسےن،ڈی اےس پی ہےڈ کوراٹر شاہد نعےم،اےس اےچ اور پونچھ چوہدری محمد امےن وہاں پہنچ گئے جب کہ لوگوں کی بھاری بھیڑ بھی وہاں جمع ہو گئی۔ دونوں میاں بیوی کی نعشیں قانونی لوازمات پوری کر نے کے بعد تدفین کے لئے رشتہ داروں کے حوالے کر دی گئیں۔ شوکت احمد بنیادی طور مینڈھر کے گاﺅں چھونگاں نابنا کا رہنے والا تھا اور اس نے کھڑی کر ماڑہ ، چکاں دا باغ پونچھ میں عارضی مکان تعمیر کیا ہوا تھا جب کہ خاندان کے باقی لوگ اپنے آبائی مکان میںہی رہ رہے تھے ۔ دونوں میاں بیوی کو ہفتہ کی بعد دوپہر ان کے آبائی قبرستان چھونگاں نابنا میں پہلو بہ پہلو سپردِ خاک کیا گیا۔ جنازہ میں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی جبکہ فوج نے اپنے ساتھی کو آخری سلامی پیش کی ۔ انتظامیہ کی طرف سے ایس ڈی ایم مینڈھر، تحصیلدار مینڈھر،ایس ڈی پی او مینڈھر کے علاوہ کئی آفیسران بھی موجود تھے۔فوج نے پاکستان پر فائر بندی معاہدہ کا خلاف ورزی کر تے ہوئے الزام لگاتے ہوئے بتایا کہ صبح ساڑھے 6بجے کے قریب اس کی فوج نے بھارتی چوکیوں اور قریبی بستیوں پر بلا اشتعال گولہ باری شروع کر دی جس میں چھوٹ و آٹو میٹک ہتھیاروں کے علاوہ 82ایم ایم اور 120ایم ایم کے مارٹر گولے بھی داغے گئے ۔ جموں میں فوج شمالی کمان کے ترجمان کرنل منیش مہتا نے بتایا ہے کہ پاکستانی فوج نے کھڑی ، کرماڑہ اور گل پور گاﺅں سمیت کم از کم 6گاﺅں 8بھارتی چوکیوں پر زبر دست گولہ باری کی جس کے دوران دو افراد مارے گئے جب کہ 4زخمی ہو گئے ۔ ترجمان نے بتایا کہ بھارتی فوج کی طرف سے بھی بھرپور جواب دیا گیا ہے ۔ اس دوران گولہ باری کے زد میں آنے والے گاﺅں میں لوگ بری طرح دہشت زدہ ہیں ۔ کچھ لوگوں نے فون پر بتایا کہ وہ لوگ صبح سے ہی محصور ہیں اور کھانا پینا تک بھول چکے ہیں ۔ انہوں بتایا کہ فی الحال وہ جان بچانے کے لئے کسی طرف نکل بھی نہیں سکتے کیونکہ آس پاس ہر جگہ گولے گر رہے ہیں ۔ انہوں بتایا کہ علاقہ میں جنگ کا سا ماحول ہے اور گولیوں و دھماکوں کی وجہ سے کان پڑی آوز تک سنائی نہین دے رہی ہے ۔